پنجاب : فیول راشننگ، تعلیمی اداروں میں 15 اپریل تک چھٹیوں کی سفارش
میٹرو اور بس سروس بڑھانے ،ایل ای ڈی بل بورڈز،آرائشی لائٹس بند، مارکیٹ اوقات کار مزید محدود کرنیکی تجاویز پٹرول اور ڈیزل کیلئے کوپن سسٹم :وزیر اعلیٰ کوتجاویزپیش، ملازمین شفٹوں میں دو دن دفاتر آئیں ،وفاق کو سفارش
لاہور(اپنے نامہ نگار سے ،مانیٹرنگ ڈیسک) محکمہ توانائی پنجاب نے ایران جنگ کے باعث جاری توانائی بحران پر صوبے میں وفاق کی طرز پر فیول راشننگ اور تعلیمی اداروں میں 15اپریل تک چھٹیوں کی سفار شات وزیر اعلٰی مریم نوازشریف کو پیش کر دی ہیں جبکہ وفاقی حکومت نے بھی اخراجات کم کرنے کیلئے نئی سفارشات تیار کر لی ہیں، وفاقی ملازمین کیلئے ہفتے میں صرف 2دن دفاتر آنے کی تجویز دی گئی ہے ،ذرائع کا کہنا ہے وزیر اعلٰی کو پیش کی گئی تجاویز میں پنجاب میں سکولوں میں ہائبرڈ نظام تعلیم پر غور کی سفارش کی گئی ہے ، پٹرول اور ڈیزل کی منصفانہ تقسیم کے لیے کوپن یا ڈیجیٹل سسٹم متعارف کرانے ،مخصوص دنوں میں محدود گاڑیوں کو ایندھن فراہم کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے ،ذرائع کے مطابق نجی اداروں کے لیے ورک فرام ہوم کے لیے سخت ہدایات کی تجاویز بھی ہیں جبکہ غیر ضروری تقریبات پر مکمل پابندی کی تجویز ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے پنجاب حکومت سے میٹرو اور بس سروس بڑھانے کی سفارش کی گئی ہے ، ایل ای ڈی بل بورڈز اور آرائشی لائٹس بند کرنے ،رات 10 بجے کے بعد سٹریٹ لائٹس متبادل موڈ پر چلانے اور مارکیٹ اوقات کار کو مزید محدود کرنے کی تجاویز بھی پیش کی گئی ہیں ۔ ادھر وفاقی حکومت کے اخراجات کم کرنے کیلئے نئی سفارشات تیار کر لی گئی ہیں جن کے تحت پنجاب میں قائم وفاقی دفاتر کیلئے ورک فرام ہوم ماڈل نافذ کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے ،ذرائع کے مطابق تجویز دی گئی ہے کہ وفاقی ملازمین ہفتے میں صرف دو دن دفاتر آئیں جبکہ باقی دن گھروں سے کام کریں۔سفارشات کے تحت دفاتر میں 50 فیصد عملہ پہلے دو دن حاضر ہوگا جبکہ باقی 50 فیصد اگلے دو دن دفاتر آئے گا۔ پہلے دو دن آنے والا عملہ باقی دنوں میں ورک فرام ہوم کرے گا، جبکہ دوسرے گروپ کے ملازمین اگلے دو دن اپنی حاضری یقینی بنائیں گے ،مزید تجویز میں کہا گیا ہے کہ جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو تعطیل رکھی جائے اور سرکاری دفاتر صرف چار دن کھلے رہیں۔