لودھراں : تیز گام ایکسپریس کی 4 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، 17 مسافر زخمی
راولپنڈی سے کراچی جاتے ہوئے آدم واہن سٹیشن کے علاقے میں حادثہ ،مسافروں میں خوف وہراس ،چیخ وپکار ٹرین کے ڈبوں کو جوڑنے والا ہک اچانک ٹوٹا اور انجن کیساتھ جڑے 7ڈبے آگے کی جانب نکل گئے :عینی شاہدین
خانقاہ شریف ،لودھراں(نامہ نگار،مانیٹرنگ ڈیسک ،نیوزایجنسیاں)لودھراں کے قریب آدم واہن سٹیشن کے علاقے میں تیزگام ایکسپریس کی 4 بوگیاں پٹری سے اتر کر الٹ گئیں، جس کے نتیجے میں17مسافر زخمی ہو گئے ۔ریسکیو حکام کے مطابق 8 ڈاؤن تیزگام ایکسپریس راولپنڈی سے کراچی جا رہی تھی کہ راستے میں حادثے کا شکار ہو گئی۔ امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پرپہنچیں ،عینی شاہدین کے مطابق ٹرین کے ڈبوں کو جوڑنے والا ہک اچانک ٹوٹ گیا جس کے باعث انجن کے ساتھ جڑے ہوئے 7ڈبے آگے کی جانب نکل گئے جس سے ٹرین دو حصوں میں تقسیم ہوگئی جبکہ پیچھے موجود بوگیاں پٹری سے اتر کر الٹ گئیں ،حادثے کے بعد مسافروں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور ہر طرف چیخ و پکار کی آوازیں سنائی دینے لگیں، مقامی افراد نے فوری طور پر مسافروں کی مددکی ۔ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمی مسافروں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیاگیا جبکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات کا تعین ابھی نہیں ہو سکا اور اس بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔متاثرہ ٹریک پر ٹرینوں کی آمد و رفت معطل ہوگئی اور بحالی کا کام جلد شروع کیا جائے گا۔