بلاول، آصفہ، سرفراز بگٹی، ایاز صادق کی شیری رحمن سے تعزیت
پی پی چیئرمین اور خاتون اول کی سینیٹر کے گھر آمد،بیٹی کے انتقال پر افسوس کا اظہار بیٹی کی جدائی پہاڑ جیسا غم، اللہ برداشت کی ہمت دے ، سپیکر، وزیراعلیٰ بلوچستان
کراچی (این این آئی)بیٹی کے انتقال پر شیری رحمن سے بلاول بھٹو زرداری، بی بی آصفہ بھٹو، سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور وزیراعلیٰ بلوچستان سمیت دیگر اہم شخصیات نے ملاقات کرکے تعزیت کی۔ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور خاتون اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری سینیٹر شیری رحمان کی رہائش گاہ پہنچے جہاں انہوں نے تعزیت کا اظہار کیا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے سینیٹر شیری رحمن کے خاوند سید ندیم حسین سے بھی ان کی صاحبزادی ماروی خورشید ملک کے انتقال پر اظہار افسوس کیا۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ماروی خورشید ملک کے بلندی درجات کیلئے فاتحہ خوانی کی۔
علاوہ ازیں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور ڈپٹی اسپیکر سید غلام مصطفی شاہ نے بھی سینیٹر شیری رحمن کی رہائش گاہ پر پہنچ کر ان کی بیٹی کے انتقال پر فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر سردار ایاز صادق نے کہا کہ اکلوتی بیٹی کا اچانک انتقال آپ کیلئے بہت بڑا صدمہ ہے اور ہم آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں ،اللہ تعالیٰ آپ کو یہ پہاڑ جیسا غم اور صدمہ برداشت کرنے کی ہمت اور استقامت عطا فرمائے ۔ انہوں نے کہا کہ بیٹی کی جدائی کے دکھ کو بیان کرنے کیلئے الفاظ نہیں ،اللہ تعالیٰ مرحومہ بیٹی کے درجات بلند فرمائے ۔ دریں اثنا وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی بھی سینئر رہنما سینیٹر شیری رحمان کے گھر گئے جہاں انہوں نے مرحومہ ماروی خورشید ملک کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی، لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پہاڑ جیسے غم کی اس گھڑی میں سوگوار خاندان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔