حکومت کا بجلی کا نیا اختیاری ملٹی ٹیرف نظام متعارف کرانے پر غور
اسلام آباد(نامہ نگار)وفاقی حکومت نے صنعتی صارفین کی سہولت اور بجلی کے موثر استعمال کے لیے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے نیا اختیاری ملٹی ٹیرف نظام متعارف کرانے پر غور شروع کر دیا ۔
پاور ڈویژن کے مطابق اس نئے نظام کے تحت صنعتی صارفین کو ٹائم آف یوز کے تحت مختلف اوقات میں بجلی کے مختلف نرخوں کا اختیار ملے گا۔ اس سکیم میں فکسڈ چارجز کا تعین صارفین کی زیادہ سے زیادہ طلب کی بنیاد پر کیا جائے گا۔اس اقدام کا بنیادی مقصد صنعتوں کو آف پیک اوقات (جب بجلی کی طلب کم ہوتی ہے ) میں سستی بجلی استعمال کرنے کی ترغیب دینا ہے ۔ پاور ڈویژن نے اس مجوزہ ٹیرف پر صنعتی صارفین اور چیمبرز آف کامرس سمیت تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کا بھی فیصلہ کیا ہے ۔ اس سلسلے میں پہلی آن لائن مشاورتی کانفرنس آج ہوگی۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے نیشنل گرڈ کمپنی (این جی سی) کی مقامی صنعت کے فروغ سے متعلق پالیسی کو ایک اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے تحت پاکستانی صنعتوں کو 12.673 ارب روپے کے معاہدے دیے گئے ہیں جبکہ مقامی سطح پر تیار کردہ کنڈکٹرز کے استعمال کے باعث درآمدی انحصار میں کمی کے ساتھ لاگت میں 40 فیصد تک کی مؤثر بچت ممکن ہوئی۔