اسٹاک ایکسچینج :زبردست تیزی،انڈیکس 4347پوائنٹس بڑھ گیا
بلو شپ کمپنیوں کے شیئرز ترجیح،100انڈیکس ایک لاکھ 58 ہزار 313 پربند 432ارب روپے منافع ،567 کمپنیوں میں سے 363 کی قیمتیں بڑھ گئیں
کراچی(بزنس رپورٹر)امریکا، ایران کشیدگی میں کمی کیلئے پاکستان کا متحرک ہونا ، عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا کم ہونا ،انٹرنیشنل اسٹاک مارکیٹ کا مثبت زون میں آنا اور مقامی آئل اینڈ گیس کمپنیوں کا نئے قدرتی ذخائر کو دریافت کرنا کاروباری ہفتے کے تیسرے روزبھی اسٹاک مارکیٹ کو پلس سے سرپلس کرگیا۔ اسٹاک ٹریڈنگ کا آغاز 1 ہزار 393 پوائنٹس کے اضافے سے 1 لاکھ 55 ہزار 359 پوائنٹس کی نفسیاتی حد سے ہوا،دن بھر 100 انڈیکس مثبت زون میں ہی ٹریڈ کرتا رہا ۔دوران ٹریڈنگ مقامی سرمایہ کاروں نے بلو شپ کمپنیوں کے شیئرز کو خصوصی ترجیح دی جس میں آئل اینڈ گیس، آٹو، سیمنٹ ، بینکنگ اور فارما سیکٹرز نمایاں رہے ، اسی وجہ سے دوران ٹریڈنگ ایک موقع پر100 انڈیکس 4 ہزار 619 پوائنٹس بڑھ کر 1 لاکھ 58 ہزار 586 پوائنٹس کی یومیہ بلند حد تک ٹریڈ ہوا۔کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 4 ہزار 347 پوائنٹس بڑھ کر 1 لاکھ 58 ہزار 313 پوائنٹس پر بند ہوا ،اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 1383 پوائنٹس بڑھ کر 48079 پوائنٹس اور آل شیئر انڈیکس 2350 پوائنٹس اضافے سے 94665 پوائنٹس کی نفسیاتی حد پر بند ہوا۔سرمایہ کاروں نے ایک ہی روز میں 432 ارب کا منافع کما لیا۔ مجموعی طور پر567 کمپنیوں میں کاروبار ہوا جس میں سے 363 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں اضافہ، 77 میں کمی اور 127 میں استحکام رہا۔