پی ٹی آئی کا مکروہ چہرہ دنیا دیکھ رہی، سازشیں ناکام ہونگی : عطا تارڑ
قاسم نے جنیوا میں تقریر کی،جی ایس پی پلس سٹیٹس واپس لینے کی کوشش کی گئی زلفی اینڈ کمپنی سازشوں میں ملوث،عارف آجاکیہ سے ملاقات کی تصاویر دکھائیں
اسلام آباد(نامہ نگار،اے پی پی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اﷲ تارڑ نے کہا ہے کہ کوئی سیاسی لیڈر پاکستان سے بڑا نہیں، ملک کے وقار کو نقصان پہنچانا ناقابل برداشت ہے ، پی ٹی آئی والوں کا مکروہ چہرہ دنیا دیکھ رہی ہے ،سازشیں ناکام ہوں گی۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کی صورتحال کے حوالے سے پاکستان کا ثالث کے طور پر کلیدی کردار سامنے آیا ہے ، پاکستان کو ایک ذمہ دار ملک سمجھا جاتا ہے جبکہ پاکستان کی سفارتی کوششوں کو پوری دنیا سراہ رہی ہے ۔ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے عالمی سطح پر پاکستان کی سفارتی کوششوں کا لوہا منوایا ہے اور آج دنیا اس بات کو تسلیم کرتی ہے کہ پاکستان نے ہر سطح پر بھرپور کردار ادا کیا ہے ۔ جہاں بھارت پاکستان کی کامیابیوں سے شدید پریشان ہے وہیں جنیوا اجلاس میں بھی افسوسناک پیشرفت دیکھنے میں آئی۔
بانی پی ٹی آئی کے بیٹے قاسم خان نے وہاں جا کر تقریر کی، پی ٹی آئی ملک دشمنی میں اتنا آگے چلی گئی ہے کہ اس نے پہلے آئی ایم ایف سے کہا کہ پاکستان کو سپورٹ نہ کیا جائے اور اب پاکستان کا جی ایس پی پلس سٹیٹس واپس لینے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے لوگ عارف آجاکیہ جیسے غدار سے ملاقات کرتے ہیں۔ پریس کانفرنس میں پی ٹی آئی کے رہنما زلفی بخاری کی عارف آجاکیہ سے ملاقات کی تصاویر بھی دکھائی گئیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ زلفی بخاری پہلے عارف آجاکیہ سے ملاقات کرتے ہیں اور بعد میں کہتے ہیں کہ وہ ان کو نہیں جانتے ۔ انہوں نے کہا کہ عارف آجاکیہ برطانیہ میں پاکستان کے خلاف مہم چلاتا ہے اور اسے ہمیشہ پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کرتا دیکھا گیا ہے جبکہ زلفی بخاری اینڈ کمپنی پاکستان کے خلاف سازشوں میں ملوث ہے ۔
پوری دنیا نے دیکھ لیا ہے کہ عارف آجاکیہ کے ساتھ ان کے تانے بانے ملتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ جتنا یہ پاکستان کے خلاف سازش کریں گے ملک اتنا ہی مضبوط ہوگا اور ترقی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ حق کی فتح کے بعد ہماری سفارتی کوششوں کے نتیجے میں پاکستان کی اہمیت میں مزید اضافہ ہوا ہے لیکن ایک سیاسی جماعت ملک کے خلاف پروپیگنڈا کرنے اور ملک کی پالیسیوں کو نقصان پہنچانے میں مصروف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک میں بڑے بڑے سیاستدانوں نے قربانیاں دی ہیں، پاکستان کھپے کے نعرے لگائے گئے ہیں لیکن کبھی کسی نے پاکستان کو نقصان پہنچانے کی بات نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی شخصیت پرستی اور انا پرستی میں مبتلا ہے ، یہ سڑک پر چار بندے نہیں نکال سکتی، یہ جماعت گروپوں میں تقسیم ہو چکی ہے ، یہ خود کو ٹھیک نہیں کر سکے تو ملک کی پالیسیاں کیا بنائیں گے ، ملک کے خلاف مہم چلانے پر انہیں شرم آنی چاہئے ۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران نیازی کے دونوں صاحبزادوں کو پاکستان کا شہری ہونے اور نائیکوپ کے ذریعے پاکستان آنے پر شرمندگی ہو رہی ہے حالانکہ ہم نے کھلے دل سے کہا کہ آپ پاکستان آئیں، ہم آپ کو خوش آمدید کہیں گے لیکن انہیں نائیکوپ کے ذریعے پاکستان آنا قبول نہیں، کیا حب الوطنی کا تقاضا نہیں ہے کہ آپ نائیکوپ پر سفر کر کے پاکستان آئیں؟ وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اکاؤنٹس سے کبھی اسرائیل کی مذمت نہیں دیکھی گئی، اسرائیل کے کسی ایک اقدام کی انہوں نے مذمت نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچ نیشنل موومنٹ کے نسیم بلوچ شدت پسندی کو سپورٹ کرتے ہیں، پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات پر خوش ہوتے ہیں اور بلوچستان میں شرانگیزی پھیلانے میں ملوث ہیں اور یہ لوگ ان کے ساتھ بیٹھتے ہیں۔
انہوں نے کہا قاسم خان جہاں رہتے ہیں اور جن کی تربیت میں ہیں اس سے ہمیں کوئی سروکار نہیں، زیک گولڈ سمتھ اسرائیل کو فنڈنگ کرتے ہیں، قاسم خان کے والد کی کوئی ایک ٹویٹ دکھا دیں جس میں انہوں نے غزہ کے معاملے پر اسرائیل کی مذمت کی ہو۔ انہوں نے کہا کہ یہ کبھی اسرائیل کی مذمت نہیں کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے حوالے سے بھی ہماری نیک نیتی رہی ہے جس طرز کی سیاست یہ لوگ کر رہے ہیں وہ ناقابل قبول ہے ۔ آپ حکومت کی پالیسیوں پر تنقید کر سکتے ہیں لیکن ملک کی سالمیت اور مفاد کو داؤ پر نہیں لگا سکتے ۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے اس موقع پر پروین شاکر کا شعر بھی پڑھا ‘‘تہمت لگا کے ماں (وطن) پر جو دشمن سے داد لے ،،،ایسے سخن فروش کا مر جانا چاہئے ’’۔انہوں نے کہا بانی پی ٹی آئی کو حکومت نے مکمل طبی سہولت فراہم کی ہے ، بانی کو کوئی سیریس مسئلہ نہیں اور ان کی آنکھ ٹھیک ہو رہی ہے۔