لیڈی ولنگڈن :زچگی آپریشنز کی ویڈیو وائرل،4ڈاکٹرزمعطل
دوخواتین کے آپریشنز کے دوران ڈاکٹرز میں مبینہ مقابلہ بازی ، ویڈیو بنائی گئی واقعہ کا نوٹس، ایم ایس، ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ سے تین روز میں جواب طلب
لاہور(ہیلتھ رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)لاہور کے لیڈی ولنگڈن ہسپتال کے گائنی آپریشن تھیٹر میں 2 خواتین کے سی سیکشن (زچگی آپریشن )کے دوران لیٖڈی ڈاکٹرزکا غیر پیشہ ورانہ رویہ ،ویڈیو بنائی گئی، وائرل ہونے پر حکومت کا ایکشن ،ایم ایس اور ہیڈ آف گائنی ڈیپارٹمنٹ سے جواب طلب ، 4 ڈاکٹرز کو معطل کر دیا گیا۔لاہور کے لیڈی ولنگڈن ہسپتال میں 2 زچگی آپریشنز کے دوران ڈاکٹرز کے درمیان مبینہ مقابلہ بازی اور غیر پیشہ ورانہ رویے کا انکشاف ہوا ہے ،آپریشن تھیٹر میں دو خواتین کے سی سیکشن (آپریشن)کے دوران ڈاکٹر طیبہ اور ڈاکٹر عائشہ موجود تھیں، آپریشن کے دوران جلد بازی اور ایک دوسرے سے سبقت لے جانے کی کوشش میں ڈاکٹرز نے نہ صرف طبی اصولوں کو نظر انداز کیا بلکہ پابندی کے باوجود ویڈیو بھی بنا ئی ۔ویڈیو بنانے والی سٹاف کمنٹری کرتے ہوئے کہتی ہے کہ دونوں ڈاکٹرز کی ٹیموں کے درمیان تیز ترین آپریشن کرنے کا مقابلہ چل رہا ہے ،فیصلہ ڈاکٹر عیسیٰ کریں گے ۔ ذرائع کے مطابق واقعہ ایک روز قبل پیش آیا ، واقعے کی ویڈیو لاہور نیوزنے حاصل کر لی ۔ادھر وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ ویڈیو پرانی ہے تاہم اس کے باوجود خصوصی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی، محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے ایم ایس ڈاکٹر فرح انعام ، ہیڈ آف گائنی ڈیپارٹمنٹ پروفیسر ڈاکٹر عظمیٰ حسین سے تین روز میں جواب طلب کر لیا جبکہ ڈاکٹر طیبہ فاطمہ طور، ڈاکٹر ماہم امین، ڈاکٹر زینب طاہر اور ڈاکٹر عائشہ افضل کی پوسٹ گریجویٹ ٹریننگ کو معطل کر دیا گیا ہے ۔