محسن نقوی کی چینی سفارتخانے آمد، سکیورٹی تعاون سمیت اہم فیصلے

 محسن نقوی کی چینی سفارتخانے آمد، سکیورٹی تعاون سمیت اہم فیصلے

سفیر سے ملاقات ، بزنس کانفرنس بلانے کا فیصلہ ،چینی بزنس کمیونٹی سے ملاقاتیں ہونگی غیر ملکیوں، چینی باشندوں کے تحفظ کیلئے سپیشل پروٹیکشن یونٹ قائم کیا جائیگا ،وزیر داخلہ

اسلام آباد(دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈپلومیٹک انکلیو میں قائم چینی سفارتخا نے کا دورہ کیا، جہاں چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے ان کا استقبال کیا۔ملاقات کے دوران انسداد دہشت گردی، سکیورٹی تعاون، پولیس ایکسچینج پروگرام اور دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ خطے کی مجموعی صورتحال بھی بات چیت ہوئی۔دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے کے لئے فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان میں چینی سرمایہ کاروں کو درپیش سکیورٹی مسائل کے حل کے لئے ایک بزنس کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا، پہلے مرحلے میں پاکستان میں موجود چینی بزنس کمیونٹی سے ملاقاتیں کی جائیں گی، جبکہ دوسرے مرحلے میں ممکنہ نئے سرمایہ کاروں کے ساتھ رابطے کیے جائیں گے ،محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ غیر ملکی شہریوں، خصوصاً چینی باشندوں کے تحفظ کے لئے سپیشل پروٹیکشن یونٹ قائم کیا جا رہا ہے ، جو اسلام آباد میں موجود چینی شہریوں کی سکیورٹی یقینی بنائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ اس یونٹ کے اہلکاروں کو ٹریننگ کے دوران چینی زبان بھی سکھائی جائے گی تاکہ باہمی رابطہ مزید مؤثر بنایا جا سکے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں