حکومتی اقدامات کے برعکس پٹرول ،ڈیزل کھپت میں اضافہ
عید اور ہفتہ وار تعطیلات کے باعث سفر میں اضافہ سے ڈیزل کی طلب بڑھی مارچ میں پٹرول کی فروخت فروری کے مقابلے میں 8 فیصد بڑھی:کمپنیز ذرائع
لاہور (زاہدعابد )عالمی مارکیٹ میں تیل نرخوں میں اضافے اور دستیابی مسائل میں کمی کے لئے حکومتی اقدامات پر تمام تدبیریں الٹ ہو گئیں۔دفاتر میں چھٹیاں بڑھا دی گئیں ۔تعلیمی ادارے بند کر دئیے گئے لیکن پٹرول ،ڈیزل کی کھپت کم ہونے کی بجائے 13 فیصد تک بڑھ گئی، عید اور ہفتہ وار تعطیلات کے باعث عوام نے سفر میں اضافہ کیا، جس کے نتیجے میں پٹرول اور ڈیزل کی طلب بڑھ گئی۔ آئل مارکیٹنگ کمپنیز ذرائع کے مطابق مارچ میں پٹرول کی فروخت فروری کے مقابلے میں 8 فیصد بڑھی اور آئل مارکیٹنگ کمپنیز سے پٹرول کی مجموعی سیل چھ لاکھ 70 ہزار ٹن رہی، جبکہ فروری میں یہ سیلز چھ لاکھ 20 ہزار ٹن تھی۔اسی طرح ڈیزل کی فروخت میں بھی 13 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔ مارچ میں او ایم سیز سے ڈیزل کی سیل پانچ لاکھ 90 ہزار ٹن رہی، جبکہ فروری میں یہ پانچ لاکھ 20 ہزار ٹن تھی۔ ڈیزل کی سیلز میں اضافے کی وجہ عید تعطیلات پر بڑی ٹرانسپورٹ کے استعمال میں اضافہ بتایا جا رہا ہے ۔ اس کے ساتھ ساتھ پن بجلی کی کم پیداوار کے باعث فرنس آئل کی طلب میں بھی غیر معمولی اضافہ ہوا۔ مارچ میں فرنس آئل کی سیل 90 ہزار ٹن تک پہنچ گئی، جو فروری میں صرف 40 ہزار ٹن تھی۔