ہر پاکستانی 3 لاکھ 25 ہزار کا مقروض : قائمہ کمیٹی میں انکشاف
خدا کے واسطے رحم کریں،ملک تباہ ، امپورٹ کم، ایکسپورٹ بڑھائیں،سیف ابڑو برآمدات کم ، درآمدات زائد ، تجارتی خسار ہ 27 ارب 80 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا
اسلام آباد(دنیانیوز)سیف اللہ ابڑو کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی اقتصادی امور کے اجلاس میں انکشاف ہوا کہ ہر پاکستانی 3 لاکھ 25 ہزار روپے سے زائد کا مقروض ہو گیا، بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پاکستان کے ذمہ واجب الادا مجموعی قرضہ 81 ہزار ارب روپے ہے ، کل قرض میں 26 ہزار ارب بیرونی اور 55 ہزار ارب روپے مقامی قرض ہے ، 25 کروڑ آبادی کے حساب سے فی کس قرض 3 لاکھ 25 ہزار بنتا ہے ، چیئرمین کمیٹی سیف اللہ ابڑو نے کہا کہ امپورٹ کم، ایکسپورٹ زیادہ ہو تو آئی ایم ایف کی ضرورت نہیں، پاکستان میں ایکسپورٹس کی حوصلہ افزائی کیوں نہیں کی جاتی، انہوں نے کہا خدا کے واسطے رحم کریں ہمارا ملک تباہ ہوتا جا رہا ہے ، قرضوں پر قرضے لئے جا رہے ہیں اس پر کوئی پالیسی بنائیں، ایسی پالیسی بنائیں کہ ایکسپورٹ بڑھے اور قرضہ کم ہو، دریں اثنا ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق برآمدات کم درآمدات زیادہ، سالانہ بنیادوں پر تجارتی خسارہ بڑھ گیا، ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق تجارتی خسار ہ 23 فیصد اضا فے کیساتھ حجم 27 ارب 80 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا ،گزشتہ سال جولائی تا مارچ تجارتی خسارے کا حجم 22.67 ارب ڈالر تھا، ادارہ شماریات نے ماہانہ بنیادوں پر تجارتی اعدادوشمار بارے رپورٹ جاری کر دی ۔