بنوں : خود کش حملہ، 5 شہری شہید، 4 زخمی، شمالی و زیرستان میں 8 خوارج ہلاک

بنوں : خود کش حملہ، 5 شہری شہید، 4 زخمی، شمالی و زیرستان میں 8 خوارج ہلاک

تھانہ ڈومیل پر خود کش حملہ ناکام ،بمبار نے شہریوں کو نشانہ بنا ڈالا،شہدا میں 3خواتین ،ایک بچہ بھی شامل دہشتگرد پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے ،صدر،وزیر اعظم،وزیر داخلہ کا فورسز کو خراج تحسین

 بنوں ،راولپنڈی (دنیا نیوز،خصوصی نیوز رپورٹر) بنوں کے تھانہ ڈومیل پر خوارج کا خود کش حملہ ناکام بنا دیا گیا،3 خواتین اور بچے سمیت 5 نہتے افراد شہید جبکہ 4 افراد زخمی ہوگئے ،سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیر ستان میں پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ 8خوارج کو ہلاک کردیا،تفصیلات کے مطابق خودکش حملہ آور نے تھانہ ڈومیل پر حملے میں ناکامی پر تھانے کے باہر سول آبادی کو نشانہ بنا ڈالا، خودکش حملے میں 5 نہتے افراد شہید جبکہ 4 افراد زخمی ہوگئے ،شہدا میں 3 خواتین ، ایک بچہ اور ایک مرد شامل ہے ۔

لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا، ریسکیو ٹیمیں اور مقامی افراد ملبہ ہٹانے میں مصروف رہے ، اعلیٰ سکیورٹی حکام نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ریسکیو اینڈ سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے ، سکیورٹی حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع دیں اور سکیورٹی اداروں کے ساتھ تعاون کریں، ادھر سکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ 8خوارج کو ہلاک کردیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میں پاک افغان سرحد کے نزدیک بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے ایک گروہ کی نقل و حرکت دیکھی گئی، جسے فورسز نے بروقت اور مو ثر کارروائی کے ذریعے نشانہ بنایااور فائرنگ کے تبادلے میں 8دہشت گردہلاک ہوگئے ، ہلاک دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے ۔صدرِ آصف علی زرداری نے شمالی وزیرستان میں کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا اور افغان عبوری حکومت پر زور دیا کہ وہ اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی کیلئے استعمال ہونے سے روکے ۔وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کاکہناتھاکہ پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اور جرات قابلِ فخر ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں