عدالتی کمپلیکسز میں خواتین سہولت مراکز قائم کرنے کا فیصلہ
قانونی معاونت، میڈی ایشن کی سہولت ہوگی، انفراسٹرکچر میپنگ کی ہدایات عدالتی کمپلیکسز میں خواتین سائلین کو محفوظ ماحول فراہم کرینگے :چیف جسٹس
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک، آن لائن)ملک بھر میں عدالتی کمپلیکسز میں خواتین سہولت مراکز قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ جاری اعلامیہ کے مطابق چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت قانون و انصاف کمیشن کا اجلاس ہوا۔ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا خواتین سائلین کو عدالتی کمپلیکسز میں محفوظ ماحول فراہم کریں گے ۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ خواتین سہولت مراکز کے ڈیزائن کیلئے قومی سطح پر مقابلہ کرایا جائے گا۔ مقابلے کے فریم ورک کو حتمی شکل دینے پر بھی غور کیا گیا۔
خواتین سہولت مراکز میں رازداری اور تحفظ یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی، خواتین کو ایک ہی جگہ متعدد سہولیات فراہم کرنے کی تجویز بھی ہے۔ سپریم کورٹ اور ہائیکورٹس کے رجسٹرارز کو انفراسٹرکچر میپنگ کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔ اعلامیہ کے مطابق خواتین سائلین کو محفوظ اور باوقار ماحول فراہم کیا جائے گا، قانونی معاونت اور میڈی ایشن کی سہولت ہوگی۔ عدالت سے منسلک مصالحت اور خاندانی ملاقاتوں کے انتظامات بھی شامل ہیں۔ ڈیزائن کے انتخاب کیلئے چیف جسٹس پاکستان نے شفافیت اور میرٹ پر مبنی لائحہ عمل بنانے کی ہدایت کی۔