وفاق اور صوبوں میں موثر رابطہ ملکی استحکام کی ضمانت:فیصل کنڈی

وفاق اور صوبوں میں موثر رابطہ ملکی استحکام کی ضمانت:فیصل کنڈی

جہانگیر ترین پی پی میں شمولیت اختیار کرتے ہیں تو خوش آمدید کہا جائے گا آئندہ جو بھی آئینی ترمیم آئے گی وہ اٹھائیسویں ہوگی ، گورنر کی میڈیا سے گفتگو

لاہور (سپیشل رپورٹر)گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ آئندہ جو بھی آئینی ترمیم آئے گی وہ اٹھائیسویں ترمیم ہوگی ۔ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کو جب اقتدار ملا تو ملک انتہائی نازک صورتحال سے دوچار تھاجسے بہتر بنانے کے لئے پارٹی نے بھرپور اقدامات کئے ، آ ئندہ انتخابات میں ان کی خواہش ہے کہ بلاول کامیابی حاصل کریں۔جمعرات کو ایکسپو سینٹر میں پاک فارما اینڈ ہیلتھ کیئر ایکسپو کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا فورسز سے متعلق معاملات پر پی ٹی آئی کے اندر بھی اختلافات پائے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا اگر جہانگیر ترین پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرتے ہیں تو انہیں خوش آمدید کہا جائے گا۔ انہوں نے کہا قومی سطح پر کیے گئے اقدامات کے باعث پاکستان عالمی سطح پر اپنی شناخت بہتر بنانے میں کامیاب ہوا ، بھارت کے ساتھ جنگ میں کامیابی کے بعد دنیا میں پاکستان کا امیج مزید مضبوط ہوا اور اب عالمی برادری اہم تنازعات کے حل کے لیے پاکستان کو ثالثی کا کردار ادا کرنے کی دعوت دے رہی ہے ۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان موثر رابطہ ہی ملکی استحکام کی ضمانت ہے اور وہ خود اس حوالے سے مسلسل کوششیں کر رہے ہیں،خیبر پختونخوا کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا جنوبی اضلاع میں امن و امان کے حالات تسلی بخش نہیں اور اس پر فوری توجہ کی ضرورت ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں