پاکستان ترکیہ عدالتی تعاون:فریم ورک تیار، ایم او یو پر آج دستخط

پاکستان ترکیہ عدالتی تعاون:فریم ورک تیار، ایم او یو پر آج دستخط

صدر ترکیہ آئینی عدالت آج پاکستان پہنچیں گے ، چیف جسٹس یحییٰ آفریدی ظہرانہ دینگے

اسلام آباد(کورٹ رپورٹر، اے پی پی) پاکستان اور ترکیہ کے درمیان عدالتی تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک باضابطہ فریم ورک کی تیاری مکمل کر لی گئی جس کے تحت دونوں ممالک کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر آج (6اپریل) دستخط کیے جائیں گے ۔ سپریم کورٹ پاکستان 6 تا 9 اپریل تک جمہوریہ ترکیہ کی آئینی عدالت کے اعلیٰ سطح وفد کی میزبانی کرے گی جس کی قیادت ترکیہ کی آئینی عدالت کے صدر قادر اوزکایا کریں گے ۔ وفد کا مقصد قانونی و عدالتی شعبوں میں تعاون کے لیے ایک منظم اور مستقبل پر مبنی فریم ورک قائم کرنا ہے جس میں عدالتی تبادلے ، صلاحیت اور عدالتی فیصلوں میں بہتری کے حوالے سے اشتراک پر توجہ دی جائے گی۔ سپریم کورٹ کے جاری اعلامیے کے مطابق اس اقدام کا ایک اہم پہلو عدلیہ کی پیشہ ورانہ ترقی اور ادارہ جاتی مضبوطی ہے ۔ تعاون کو عملی شکل دینے کے لیے مفاہمتی یادداشت کے تحت ایک مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام کی بھی تجویز ہے تاکہ طے شدہ اہداف پر تسلسل کے ساتھ پیش رفت ہو سکے ۔ سرکاری مصروفیات کے علاوہ وفد ٹیکسلا کے تاریخی مقامات اور لاہور اندرون شہر کا بھی دورہ کرے گا۔ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی باضابطہ تقریب سپریم کورٹ پاکستان سے براہِ راست نشر کی جائے گی جس میں سپریم کورٹ اور وفاقی آئینی عدالت کے ججز، تمام ہائیکورٹس کے چیف جسٹسز، وفاقی وزیر قانون اور اٹارنی جنرل بھی شریک ہوں گے ۔ اس موقع پر چیف جسٹس پاکستان یحیی آفریدی معزز مہمان کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے ۔ چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت جسٹس امین الدین خان ترک ہم منصب کے اعزاز میں 7 اپریل کو ظہرانے کا اہتمام کریں گے ۔ ترکیہ کی آئینی عدالت کے صدر وفاقی آئینی عدالت کا بھی دورہ کریں گے ، انہیں عدالت کے طریقہ کار اور آئینی دائرہ اختیار کے بارے میں بریفنگ دی جائے گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں