کوئٹہ:افغان طالبان سے وابستہ دہشتگرد گرفتار،سر حد پارنیٹ ورک بے نقاب

کوئٹہ:افغان  طالبان  سے  وابستہ  دہشتگرد  گرفتار،سر حد  پارنیٹ  ورک  بے  نقاب

حبیب اللہ کا بھائی شیر افغان کالعدم ٹی ٹی پی پکتیکا کا امیر ہے ،یہ پہلے بھی گرفتار ہواتھا:حمزہ شفقات افغان شہریوں نے جعلی آئی ڈی کارڈ بنوائے :ضیاء لانگو ،جلد مزید کامیابیاں متوقع:ڈی آئی جی سی ٹی ڈی

کوئٹہ(سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)سکیورٹی فورسز نے دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث کالعدم تحریک طالبان افغانستان سے وابستہ دہشتگرد کو بلوچستان سے گرفتار کرلیا۔ گرفتار دہشت گرد کا بھائی کالعدم ٹی ٹی پی پکتیکا کا امیر ہے اور یہ دہشت گرد پہلے بھی گرفتار ہواتھا لیکن انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اسے عام افغان شہری سمجھ کر واپس بھیج دیا گیا تھا۔یہ انکشاف بلوچستان کے وزیر داخلہ ضیا لانگو، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ حمزہ شفقات اور ڈی آئی جی سی ٹی ڈی نے گزشتہ روز ایک اہم مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے کچلاک کے علاقہ میں ایک کارروائی کے دوران افغانستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد حبیب اللہ عرف لالو کو گرفتار کیا ہے ، جس کا تعلق افغان طالبان (ٹی ٹی اے )سے ہے ، گرفتار دہشت گرد نے اعتراف کیا ہے کہ وہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی)کے ساتھ مل کر پاکستانی سکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث رہا ہے جبکہ اس کا بھائی شیر افغان بھی پکتیکا کا رہائشی اور ٹی ٹی پی کا کمانڈر ہے ، اس سے قبل بھی حبیب اللہ کو گرفتار کیا جا چکا لیکن عام شہری سمجھ کر ایک ماہ کی قید کے بعد رہا کر دیا گیاتھا مگر اس نے دوبارہ دہشت گردی کی اورہمارے ایف سی کے دو جوانوں کو شہید کیا، واضح ہو گیا کہ ٹی ٹی اے اور ٹی ٹی پی مل کر بلوچستان میں بدامنی پھیلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گرفتار دہشتگرد نے انکشاف کیا ہے کہ اس دہشت گرد گروپ کی قیادت "مسلم"نامی شخص کر رہا ہے اور یہ گروہ پاک افغان سرحد پر جھڑپوں کے دوران پاکستانی اہلکاروں کو نشانہ بنانے میں ملوث رہا ہے ،صوبے میں اب تک ہزاروں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے جا چکے ہیں اور غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے نتیجے میں اب تک 9 لاکھ 60 ہزار افغان باشندوں کو ملک بدر کیا جا چکا ۔وزیر داخلہ بلوچستان نے کہا کہ پاکستان نے بارہا افغان حکومت کو اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکنے کے ٹھوس ثبوت فراہم کئے مگر مثبت جواب نہ ملنے پر اب پاکستان سرحد پار دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا رہا ہے ،ہماری دشمنی افغان عوام سے نہیں بلکہ دہشت گردوں سے ہے ، افغان شہریوں نے نادرا کے جعلی آئی ڈی کارڈ بنوائے ہوئے ہیں ،ملک دشمن عناصر سازشوں میں مصروف ہیں ان کی سازشوں کو ناکام بنائیں گے ۔ ڈی آئی جی سی ٹی ڈی نے کہ ہم نے اس نیٹ ورک کے دیگر کارندوں کے گرد گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے اور جلد مزید کامیابیاں متوقع ہیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں