محسن نقوی کی رائیونڈ تبلیغی مرکز میں غیر ملکی اکابرین سے ملاقات

 محسن نقوی کی رائیونڈ تبلیغی مرکز  میں غیر ملکی اکابرین سے ملاقات

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے رائیونڈ میں عالمی تبلیغی مرکز میں بھارت اور بنگلہ دیش سے آئے اکابرین سے ملاقات کی۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے دینِ اسلام کی سربلندی کیلئے تبلیغی جماعت کے اکابرین کی گرانقدر خدمات کو سراہا۔

 غیر ملکی اکابرین نے ویزوں کے اجراء میں بھرپور تعاون پر وزیر داخلہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وزارت داخلہ کے تعاون کے باعث اس بار ویزوں کا کوئی مسئلہ پیش نہیں آیا اور انہیں بھرپور سہولت میسر آئی۔ انہوں نے وزیر داخلہ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا،بنگلہ دیش کے اکابرین نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو بنگلہ دیش میں عالمی تبلیغی اجتماع میں شرکت کی دعوت دی۔ اس موقع پر وزیر داخلہ نے کہا کہ سالانہ اجتماع کے انعقاد میں وزارت داخلہ ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی جبکہ غیر ملکی وفود کو ویزوں کے حصول میں مکمل سہولت دی جائے گی،رواں سال بھی ایئرپورٹس پر خصوصی کاؤنٹرز قائم کیے جائیں گے ۔ اسلام کی تبلیغ کے لیے سہولت فراہم کرنا ہمارا فرض اور باعثِ ثواب ہے ، جبکہ تبلیغی جماعت کے اکابرین کا کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ملاقات کے اختتام پر امت مسلمہ کے اتحاد، شر و باطل کے خاتمے اور حق و سچ کی سربلندی کے لیے دعا کی گئی۔ پاکستان کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور امن کے لیے بھی خصوصی دعا مانگی گئی۔ملاقات میں مولانا امجد فاروق، مولانا عامر، انوار غنی، امتیاز غنی، مولانا مدثر شاہین و دیگر اکابرین بھی شریک تھے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں