ڈیجیٹل سسٹم سے سبسڈی ٹرانسفر کا عمل شروع: وفاقی وزراء
صرف رجسٹرڈ گاڑیاں ہی سبسڈی کیلئے اہل، ایکسائز میں رجسٹریشن لازمی ملک میں کہیں پٹرولیم مصنوعات کی قلت نہیں:شزا فاطمہ، بلال اظہر
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ نے کہا صرف رجسٹرڈ گاڑیوں کو سبسڈی دی جائے گی، سبسڈی حاصل کرنے کے لیے ایکسائز میں رجسٹریشن لازمی ہے ۔ وزیر مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شزا فاطمہ خواجہ کا کہنا تھا کہ وزارت آئی ٹی، خزانہ اور سٹیٹ بینک مل کر کام کر رہے ہیں، ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے سبسڈی ٹرانسفر کا عمل شروع کیا گیا ہے ۔ پیٹرولیم سپلائی چین میں کوئی خلل نہیں آنے دیا گیا، مشکل حالات میں عوام کو ریلیف دینا حکومت کی ترجیح ہے ۔ وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کا کہنا تھا کہ تین ہفتوں تک پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہیں بڑھائی گئیں جس کے لیے حکومت نے 129 ارب روپے خرچ کیے ، ملک میں کہیں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت نہیں۔