تیل قیمتوں میں اضافہ سے مہنگائی کانیا طوفان من مانے نرخ:کھلادودھ 250روپے لٹر ہوگیا

تیل قیمتوں میں اضافہ سے مہنگائی کانیا طوفان من مانے نرخ:کھلادودھ 250روپے لٹر ہوگیا

اشیائے ضروریہ لوگوں کی دسترس سے باہر، اخراجات بے قابو، گھریلو بجٹ درہم برہم، ضروریاتِ زندگی کیلئے قرض پر مجبور مرغی کا گوشت 780، چھوٹا 2700، بڑا 1700، گھی 600، باسمتی چاول 380، سلنڈر گیس 550روپے کلو تک پہنچ گئی دال چنا 300، ماش 480، چینی 180، مرچ 800، پیاز 120، ٹماٹر 110، بھنڈی 300، کینو، سیب 500روپے فروخت

اسلام آباد (سید قیصر شاہ) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک ماہ کے دوران ہوشربا اضافہ سے مہنگائی کا سیلاب امڈ آیا، مارچ سے رواں ماہ تک پٹرول کی قیمت 378 اور ڈیزل 521 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچنے سے ہر چیز کی قیمت میں من مانا اضافہ کر دیا گیا۔ عام استعمال کی اشیا اور ٹرانسپورٹ کرایوں میں اضافے نے سفید پوش طبقے کو دن میں تارے دکھا دیئے اور ضروریاتِ زندگی کیلئے نوبت قرض تک پہنچ گئی۔ آمدن محدود مگر اخراجات میں کئی گنا اضافہ ہو گیا۔ اشیائے ضروریہ دسترس سے باہر ہونے سے عام آدمی کا گھریلو بجٹ درہم برہم ہو گیا، اتوار بازاروں میں بھی مہنگائی کا سیلاب ہے ۔ مرغی کا گوشت 780 روپے ، چھوٹا گوشت 2700، بڑا گوشت 1700، اعلیٰ کوالٹی گھی 600، باسمتی چاول 380، دال چنا 300، دال ماش 480، دال مسور 340، سفید چنے 380، چینی 180، شکر 280، گڑ 260اور سرخ مرچ 800 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے ۔ سلنڈر گیس کی قیمت 550 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ۔ تازہ کھلا دودھ 20 روپے مہنگا ہوکر 250 روپے لیٹر، کھلا دہی 260 روپے کلو کر دیا گیا ۔ موسمی پھل اور سبزیاں بھی عام آدمی کی پہنچ سے دور ہو گئیں۔ پیاز 120، ٹماٹر 110، آلو 40، مٹر 150، سبز مرچ 120، بھنڈی 300، کدو 120، ٹینڈا 140، ادرک 500، لہسن چائنا 700، دیسی لہسن 200 اور تربوز 120 روپے کلو فروخت ہو رہا ہے ۔ کینو 500 روپے ، کیلے 250 روپے درجن، امرود 200 روپے ، سٹرابیری درجہ اول 400 روپے ، سیب ایرانی 500 روپے ، سفید سیب 400 روپے اور خربوزہ 200 روپے کلو فروخت کیا جا رہا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں