پنجاب اسمبلی میں کفایت شعاری، 4 کروڑ سے زائد بچت
تنخواہوں میں کٹوتی،گاڑیاں گراؤنڈ کرنے سے اخراجات میں نمایاں کمی سپیکر سرکاری مراعات سے دستبردا ر،سکواڈکے بجائے ذاتی گاڑی کااستعمال
لاہور (سیاسی نمائندہ)پنجاب اسمبلی میں کفایت شعاری مہم کے تحت اخراجات میں نمایاں کمی لائی گئی ہے اور اب تک 4 کروڑ 10 لاکھ روپے سے زائد کی بچت کر لی گئی ہے ۔ اسمبلی ذرائع کے مطابق ارکان اسمبلی کی ماہانہ تنخواہوں میں 25 فیصد کٹوتی سے 3 کروڑ 98 لاکھ روپے کی بچت ہوئی، جبکہ پروٹوکول کی متعدد گاڑیاں گراؤنڈ کرنے سے پٹرول کے اخراجات میں کمی آئی۔ذرائع کے مطابق 7 ہزار سے 7 ہزار 625 لیٹر پٹرول کی بچت سے تقریباً 25 لاکھ روپے کے اخراجات کم ہوئے ۔
سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے اپنی تنخواہ اور مراعات نہ لینے کا اعلان کر رکھا ہے اور وہ سرکاری گاڑی کے بجائے ذاتی گاڑی استعمال کر رہے ہیں، جبکہ فیول خرچ بھی خود ادا کر رہے ہیں۔ اسمبلی حکام کے مطابق پروٹوکول کی 70 فیصد گاڑیاں بند کی گئیں اور افسروں کے فیول اخراجات میں 50 فیصد تک کمی کی گئی۔ بجلی کے غیر ضروری استعمال پر پابندی سے بھی لاکھوں روپے کی بچت ہوئی، جبکہ نئی خریداری اور سرکاری تقریبات میں 70 فیصد کمی کی گئی۔مزید برآں، کمیٹی اجلاس ٹیلی کانفرنس کے ذریعے منعقد کیے گئے اور سینئر افسروں کی دو روز کی تنخواہ بھی کٹوتی کی گئی، جس سے اخراجات میں مزید کمی ممکن ہوئی۔