بی سی بی انتخابات میں بے ضابطگیوں کی رپورٹ تیار
بی سی بی انتخابات میں بے ضابطگیوں کی رپورٹ تیار رپورٹ آئی سی سی کو ارسال کرنے کے بعد ہی حکمت عملی کا اعلان کیا جائیگا
ڈھاکہ (سپورٹس ڈیسک)بنگلہ دیش کے وزیر مملکت برائے امورِ نوجوانان و کھیل امین الحق نے کہا ہے کہ حکومت بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے انتخابی معاملات سے متعلق تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ پر آئندہ لائحہ عمل طے کرنے سے قبل انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو باقاعدہ طور پر آگاہ کرے گی۔ امین الحق نے بتایا کہ 5 رکنی تحقیقاتی کمیٹی نے اپنی رپورٹ جمع کرا دی ہے ، جس کے فوری بعد ایک بین الوزارتی اجلاس طلب کیا گیا، جس میں رپورٹ کے مندرجات پر تفصیلی غور کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ رپورٹ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو ارسال کرنے کے بعد ہی حکومت اپنی آئندہ حکمت عملی کا اعلان کرے گی، تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ رپورٹ کب منظرِ عام پر لائی جائے گی۔ذرائع کے مطابق تحقیقاتی کمیٹی نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے انتخابات کو شفاف اور منصفانہ بنانے کے لئے متعدد سفارشات پیش کی ہیں، جن پر عمل درآمد کے لئے اعلی سطح پر مشاورت جاری ہے ۔ یاد رہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے انتخابی عمل سے متعلق یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب کرکٹ کے بین الاقوامی معاملات میں شفافیت اور خودمختاری کو خاص اہمیت دی جا رہی ہے اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اس حوالے سے قریبی نگرانی کر رہی ہے ۔