بورڈ آف ڈائریکٹرز:75 فیصد پی آئی اے شیئرز فروخت کی منظوری
اسٹاک ایکسچینج کو باضابطہ خط موصول ، حصص کی منتقلی، آئندہ کی تفصیلات فراہم
کراچی(کامرس رپورٹر)قومی ایئر لائن کی ملکیت کی منتقلی کے عمل میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے ، جہاں پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کارپوریشن کے 75 فیصد شیئرز فروخت کرنے کی منظوری دیدی۔ اس حوالے سے اسٹاک ایکسچینج کو باضابطہ خط موصول ہوگیا ، جس میں حصص کی منتقلی کے طریقہ کار اور آئندہ کے لائحہ عمل کی تفصیلات فراہم کی گئی ہیں، متن کے مطابق پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی کے 75 فیصد ملکیتی شیئرز پی آئی اے ایکویٹی لمیٹڈ کو منتقل ہونگے جو پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کارپوریشن میں سرمایہ کاری کیلئے قائم کیا گیا خصوصی ادارہ ہے۔
دستاویزات کے مطابق شیئرز کی منتقلی دو مختلف طریقہ کار کے تحت مکمل کی جائے گی، جسکے تحت شیئرز کا ایک بڑا حصہ براہ راست پی آئی اے ایکویٹی لمیٹڈ کے نام منتقل ہوگا، باقی حصہ نئے شیئرز کے اجرا کے ذریعے بیچا جائے گا، اسٹاک ایکسچینج کو ارسال خط میں کہا گیا کہ پی آئی اے مزید نئے شیئرز جاری کریگی جنہیں صرف پی آئی اے ایکویٹی لمیٹڈ خریدے گی، جسکے نتیجے میں پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی کی ملکیتی شرح بتدریج کم ہو جائے گی، اس طریقہ کار کے ذریعے کمپنی کے شیئر ہولڈنگ اسٹرکچر میں تبدیلی لائی جائیگی تاکہ سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں اور ادارے کی مالی پوزیشن بہتر بن سکے۔
خط میں مزید بتایا گیا کہ پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی کے باقی ماندہ 25 فیصد شیئرز بھی مستقبل میں پی آئی اے ایکویٹی لمیٹڈ کو فروخت کیے جاسکتے ہیں، تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ بعد میں کیا جائے گا، شیئرز کی خرید و فروخت کا عمل باقاعدہ ٹرانزیکشن ڈاکومنٹس کے تحت مکمل کیا جائے گا تاکہ قانونی اورمالی تقاضوں کو پوراکیا جاسکے ۔ معاشی ماہرین کے مطابق یہ پیشرفت قومی ایئر لائن کی نجکاری یا اسٹرکچر ری آرگنائزیشن کے عمل کا اہم مرحلہ ہے ، جسکا مقصد ادارے کی کارکردگی میں بہتری، مالی خسارے میں کمی اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنا ہے ۔