حالات بہترہوتے ہی پٹرول سستا :حکومت کی یقین دہانی
خواجہ آصف کی زیرصدارت حکمران اتحاد کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں کا حکومتی پالیسیز پر اعتماد کا اظہار :طارق فضل
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)حکومت نے اپنے اتحادیوں کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق اعتماد میں لیتے ہوئے یقین دلایا کہ حالات معمول پر آتے ہی پٹرولیم نرخوں میں کمی کردی جائے گی۔ پارلیمنٹ ہاؤس میں حکمران اتحاد کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس وزیر دفاع خواجہ آصف کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، ریاض پیرزادہ، بیرسٹر عقیل ملک، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک اور وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چودھری سمیت دیگر جماعتوں کے اہم رہنماؤں نے شرکت کی۔
وزیر مملکت برائے پٹرولیم علی پرویز ملک نے پارلیمانی پارٹی کو موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی اور بتایا کہ پٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے حکومت نے فوری اقدامات اٹھائے ۔اجلاس کے بعد وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چودھری نے بیان جاری کیاکہ اجلاس میں مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم سمیت دیگر اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی، طارق فضل نے کہا کہ اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں نے وفاقی حکومت کی پالیسیز پر اعتماد کا اظہار کیا، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے مزید اقدامات پر غور کیا گیا اور وزرا نے اجلاس کو بتایا ہے کہ حالات معمول پر آتے ہی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کردی جائے گی۔