عمران،بشریٰ کی اپیل فکس ہوئی تو7دن میں فیصلہ:چیف جسٹس
190ملین پاؤنڈ کیس میں وکیل کی آج عمران سے ملاقات کرانیکا حکم ، سماعت ملتوی عمران اور اہلیہ بشری ٰ کی ملاقات ،باقی کوئی نہ مل سکا،تصادم ،کئی زخمی ،گرفتاریاں
اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے ،خبرنگار، دنیا نیوز) 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت کے دوران اسلام آباد ہائیکورٹ نے وکیل سلمان صفدر کی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے آج دوپہر 2 بجے ملاقات کرانے کا حکم دیدیا۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل بینچ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت کی۔نیب کے سپیشل پراسیکیوٹر جاوید اشرف اور رافع مقصود جبکہ بانی پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر عدالت میں پیش ہوئے اور دلائل کا آغاز کیا۔دوران سماعت چیف جسٹس نے سلمان صفدر سے متفرق درخواست سے متعلق استفسار کیا، جس پر وکیل نے عمران خان سے ملاقات کی اجازت مانگی۔ عدالت نے متفرق درخواست منظور کرتے ہوئے جیل حکام کو سلمان صفدر کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرانے کا حکم دیا۔سلمان صفدر کی درخواست پر عدالت نے ملاقات آج دوپہر 2 بجے کرانے کی ہدایت جاری کی۔سپیشل پراسیکیوٹر نے سماعت پیر تک مقرر کرنے کی استدعا کی، تاہم چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ عدالت اپنی مصروفیات دیکھ کر تاریخ مقرر کرتی ہے ، آپ کلائنٹ سے ملاقات کر لیں، اپیل بھی فکس کر دیں گے اور اگر دلائل شروع ہوئے تو سات دن میں اپیل کا فیصلہ کرنے کی کوشش کریں گے ۔
عدالت نے کیس کی مزید سماعت جمعرات تک ملتوی کر دی۔دوسری طرف بانی پی ٹی آئی عمران خان اورانکی اہلیہ بشریٰ بی بی کی اڈیالہ جیل کے کانفرنس روم میں ملاقات کرا دی گئی جبکہ کسی پارٹی لیڈر اورفیملی ممبر کو ملاقات کی اجازت نہ ملی،جس پر ماربل فیکٹری ناکہ پر پی ٹی آئی کارکنوں اور پولیس میں تصادم ہوا،اس دوران پتھراؤاورلاٹھی چارج سے تحریک انصاف کے کئی کارکن اور متعدد پولیس اہلکار شدید زخمی ہوئے جبکہ50سے زائد کارکنوں کوگرفتارکرلیاگیا، رات گئے مذاکرات کامیاب ہونے پر علیمہ خان و دیگر بہنیں دھرنا ختم کر کے کارکنوں کے ہمراہ واپس روانہ ہوگئیں۔ ادھر اڈیالہ روڈ ماربل فیکٹری ناکے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ بانی سے ملاقات نہ کروانا افسوسناک ہے ، ہم تحریک چلائیں گے ، احتجاج کرینگے اور عدالتوں میں بھی جائیں گے ۔ چاہتے ہیں موجودہ عالمی صورتحال میں پاکستان بہترین کردار ادا کرے ،لیکن ہمیں بتائیں تو صحیح کیا مذاکرات ہو رہے ہیں اور کیا رول ہے ؟ ، کل ہمیں حکومت جہاں روکے گی ہم وہیں جلسہ کریں گے ۔ جبکہ پی ٹی آئی رہنما شفیع جان نے کہاکہ ہر عہدیدار کو اڈیالہ جیل پہنچنا چا ہئے ،اگر کوئی نہیں پہنچتا تو اسکو سبکدوش ہونا چا ہئے ، بانی سے ملاقاتیں نہ کرانے پر پر پر امن دھرنا دینا ہمارا حق ہے ۔