جنگ بندی:عالمی منڈی میں تیل 18فیصدسستا ،سٹاک ایکسچینج میں تاریخی تیزی

جنگ بندی:عالمی منڈی میں تیل 18فیصدسستا ،سٹاک ایکسچینج میں تاریخی تیزی

یورپی انڈیکسز 3 تا 5 ،ٹوکیو 5 فیصد اوپر ،چینی انڈیکسز میں 3 فیصد اضافہ، ڈالردیگر کرنسیوں کے مقابلے میں کمزور ملک میں پٹرول سستا ہونیکا امکان،100 انڈیکس میں ریکارڈ 14 ہزار 138پوائنٹس کا اضافہ،مارکیٹ ہالٹ نافذ

 لندن،اسلام آباد،کراچی (اے ایف پی، اے پی پی ، مانیٹرنگ ڈیسک )پاکستان کی کوششوں سے امریکا اورایران کے درمیان دوہفتے کی جنگ بندی کے بعد بین الاقوامی منڈیوں میں خام تیل کی قیمتوں میں 18فیصدتک کمی دیکھنے میں آئی، برینٹ خام آئل کی  قیمت16اعشاریہ31فیصدکی کمی کے بعد 92اعشاریہ96ڈالرفی بیرل اورویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ(ڈبلیوٹی آئی) کی قیمت18اعشاریہ صفر4فیصدکی کمی کے بعد94 اعشاریہ91ڈالرفی بیرل ہوگئی۔ سٹاک مارکیٹس میں زبردست اضافہ دیکھنے کو آیا، یورپی انڈیکسز 3 تا 5 فیصد بڑھ گئیں، ٹوکیو 5 فیصد اوپر گیا ،چینی انڈیکسز تقریباً 3 فیصد بڑھیں، ڈالر دیگر کرنسیوں کے مقابلے میں کمزور ہوا ۔دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں قیمتیں گرنے کے بعد پٹرول اورڈیزل سستاہونے کا امکان ہے ۔ ذرائع کے مطابق خام تیل کی قیمتوں میں18فیصد تک کمی ہوچکی ہے ۔ ملک میں پٹرول 55 روپے فی لٹر ،ڈیزل کی قیمت میں 95 سے 100 روپے لٹر کمی ہوسکتی ہے تاہم حتمی فیصلہ وزیراعظم کریں گے ۔ دوسری طرف پاکستان سٹاک ایکسچینج کیلئے بدھ کا روز تاریخی ثابت ہوا ، کاروبار کا آغاز تاریخی تیزی کے ساتھ ہوا،ابتدائی چند منٹوں میں ہی انڈیکس 12,362.38 پوائنٹس کے اضافے سے 164,035 پوائنٹس پر جاپہنچا۔ 8 فیصد سے زائد اضافے کے بعد کاروبار کے ابتدائی اوقات میں ہی مارکیٹ ہالٹ نافذ کردیا گیا،جیسے ہی ٹریڈنگ کا دوبارہ آغاز ہوا، مارکیٹ میں جارحانہ خریداری کے باعث انڈیکس مسلسل اوپر کی جانب گامزن رہا، ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر 100 انڈیکس نے 165,924 پوائنٹس کی دن کی بلند ترین سطح کو چھولیا۔

کاروبار کے اختتام پر100 انڈیکس 14,138 پوائنٹس یا 9.32 فیصدکے تاریخی اضافے سے 165,811 پوائنٹس پر بند ہوا، یہ تاریخ کاایک دن کا سب سے بڑا اضافہ ہے ،اسی طرح کے ایس ای 30انڈیکس 4381.57 پوائنٹس کے اضافے سے 50320.39پوائنٹس اورکے ایم آئی 30انڈیکس 21151.4پوائنٹس کے اضافے کے بعد242803پوائنٹس پربندہوا۔گزشتہ روز1245.18ملین حصص کالین دین ہوا جن کی مالیت 54.40ارب روپے تھی۔فیوچرٹریڈنگ کے تحت 9.16ارب روپے کے سودے طے پائے ،مارکیٹ کیپٹلائزیشن 8.7فیصدکے اضافہ کے بعد65.7ارب ڈالرتک پہنچ گیا ۔ گزشتہ روزفرسٹ نیشنل ایکویٹیز کے 212312467 حصص،کے الیکٹرک 127318813حصص اور ورلڈکال ٹیلی کام کے 97313635حصص کالین دین ہوا،فرسٹ نیشنل ایکویٹیز لمیٹد،ٹرسٹ سیکورٹیز اینڈبروکریج لمیٹڈ اوریونی کیپ مضاربہ سرفہرست ایڈوانسر کمپنیاں رہیں۔مجموعی طورپر565کمپنیوں کے حصص کالین دین ہوا،448کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ،16کی قیمتوں میں کمی اور101کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں