معلومات رسائی کیس:جسٹس یوسف جسٹس عثمان کی سماعت سے معذرت
کراچی (سٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ میں معلومات تک رسائی کے قانون پر عملدرآمد سے متعلق کیس میں جسٹس یوسف سعید اور جسٹس عثمان علی ہادی نے سماعت سے معذرت کرلی اور کیس نئے بینچ کی تشکیل کے لیے چیف جسٹس کو بھجوا دیا۔
درخواست گزار ڈاکٹر مرتضیٰ کھوڑو نے مؤقف اختیار کیا کہ عدالت کے حکم پر
عملدرآمد کے لیے دائر درخواست کو چار برس گزر چکے ہیں مگر متعلقہ محکمے قانون پر عمل نہیں کر رہے ۔ انہوں نے کہا کہ قانون کے سیکشن چھ کے تحت تمام سرکاری اداروں پر لازم ہے کہ وہ معلومات عوام کے لیے دستیاب کریں۔ درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ اطلاعات تک رسائی کے قانون کا بنیادی مقصد حکومتی امور میں شفافیت پیدا کرنا ہے جبکہ اس کے مؤثر نفاذ سے کرپشن میں کمی اور عوام کی حکومتی معاملات میں شمولیت بڑھے گی۔ انہوں نے استدعا کی کہ عدالت متعلقہ اداروں کو قانون کے مطابق عملدرآمد کا حکم دے ۔ عدالت نے ہدایت کی کہ یہ کیس آئندہ مذکورہ بینچ کے دونوں ارکان میں سے کسی کے سامنے پیش نہ کیا جائے ۔ عدالت نے رجسٹرار آفس کو ہدایت کی کہ معاملہ نئے بینچ کی تشکیل کے لیے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کو ارسال کیا جائے ۔ عدالت نے مزید کارروائی کے لیے کیس نئے بینچ کے روبرو مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔