سابق گورنر پنجاب ذوالفقار کھوسہ انتقال کر گئے
1935میں پیدا ہوئے ، 1999میں پنجاب کے گورنر بنے 9بار رکن پنجاب اسمبلی،طویل عرصہ سینیٹ کے رکن بھی رہے
ڈیرہ غازی خان ( ڈسٹرکٹ رپورٹر)پاکستان کی سیاست کا ایک عہد تمام ہوا، بزرگ سیاستدان، سابق گورنر پنجاب اور تمندارِ قبیلہ کھوسہ، سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ طویل علالت کے بعد نیشنل ہسپتال لاہور میں انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال کی خبر سے پورے ملک بالخصوص جنوبی پنجاب میں سوگ کی لہر دوڑ گئی ۔ 20 اکتوبر 1935 کو پیدا ہونے والے سردار ذوالفقار علی کھوسہ نے نصف صدی سے زائد عرصے تک پاکستان کی سیاست میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کا شمار منجھے ہوئے سیاست دانوں میں ہوتا تھا۔ وہ 17 اگست 1999 سے 12 اکتوبر 1999 تک پنجاب کے 31 ویں گورنر کے عہدے پر فائز رہے اور طویل عرصہ ایوانِ بالا (سینیٹ) کے رکن کے طور پر بھی خدمات سرانجام دیں۔
سردار ذوالفقار علی کھوسہ نے پارلیمانی سیاست میں ایک منفرد ریکارڈ قائم کیا اور وہ 1970، 1977، 1985، 1988، 1990، 1993، 1997، 2008 اور 2013 کے عام انتخابات میں مجموعی طور پر 9 مرتبہ پنجاب اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے ۔ اس کے علاوہ وہ 1962 میں مغربی پاکستان اسمبلی کے رکن بھی رہے ۔ انہوں نے مختلف ادوار میں صوبائی وزیر تعلیم، خزانہ، آبپاشی اور مواصلات جیسے اہم قلمدان سنبھالے اور جنوبی پنجاب کی ترقی کے لئے گراں قدر خدمات پیش کیں۔ سردار ذوالفقار علی کھوسہ کو شرافت اور اصول پسندی کی سیاست کا علمبردار مانا جاتا تھا، ان کے پسماندگان میں ان کے فرزند سردار حسام خان کھوسہ، سردار سیف الدین خان کھوسہ، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار دوست محمد کھوسہ اور دیگر اہل خانہ شامل ہیں۔ ان کی تدفین آبائی علاقہ بہادر گڑھ ڈیرہ غازیخان میں کی جائے گی جس میں ملک بھر سے ممتاز سیاسی و سماجی شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔