وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر ریلوے کے 9 روٹس بحال کرنیکا فیصلہ
حنیف عباسی ،مریم اورنگزیب کی زیر صدارت اجلاس،لاہور ریلوے سٹیشن کا دورہ پنجاب حکومت اور پاکستان ریلویز کے مابین شراکت داری کا جائزہ ،ہدایات جاری
لاہور (اپنے کامرس رپورٹر سے )سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب و وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کی زیر صدارت پاکستان ریلوے اور پنجاب حکومت کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت پنجاب حکومت اور پاکستان ریلویز کے مابین شراکت داری کا جائزہ لیا گیا اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر ریلوے کے 9 روٹس کو بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اس موقع پر وزیر ریلوے نے کہا کہ 8 کروڑ سے زائد شہری ریلوے و صوبوں کے مابین شراکت داری سے مستفید ہوں گے ۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پنجاب میں 9 روٹس پر پاکستان ریلوے کی شراکت داری سے منصوبے مکمل کئے جائیں گے ، لاہور سے راولپنڈی فاسٹ ٹرین ریلوے ٹریک میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا ۔ لاہور، ملتان ،راولپنڈی ریلوے سٹیشنز کی صفائی ستھرائی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے سپرد کرنے ،ریلوے ٹریکس کے اطراف خالی جگہوں پر جنگلات لگانے کے منصوبے کا جائزہ لیا گیا ۔مریم اورنگزیب نے سیکرٹری جنگلات کو 1 سال میں ریلوے ٹریکس کے ساتھ جنگلات کا منصوبہ مکمل کرنے اورسیکرٹری ٹرانسپورٹ کو 9 روٹس کی ری ویمپنگ کی ہدایت کی۔بعدازاں وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی اور مریم اورنگزیب نے لاہور ریلوے سٹیشن کا وزٹ کیا اورتعمیر و بحالی کے کاموں کا جائزہ لیا ۔ڈی جی ایل ڈی نے ریلوے سٹیشن لاہور کی ری ماڈلنگ پر بریفنگ دی ۔مریم اور نگزیب نے ریلوے سٹیشن پر موجود شہریوں سے گفتگو میں کہا کہ حکومت شہریوں کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے ۔