مریم نواز کا نکاسی آب منصوبے جون سے قبل مکمل کرنے کا حکم
15شہرو ں میں واسا کمپلیکس ڈیزائن کی منظوری ،منصوبوں پر 24 گھنٹے کام جاری رکھیں :وزیراعلیٰ افسروں کیلئے ہا سٹل بنیں گے ،پراجیکٹس کی تکمیل پر752کلو میٹر طویل سڑکیں بنیں گی:بریفنگ
لاہور (دنیانیوز) وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے نکاسی آب کے جاری منصوبوں کو جون سے قبل مکمل کرنے کا ہدف دیدیا اور 15 شہروں میں منصوبوں پر 24 گھنٹے کام جاری رکھنے کا حکم دیاہے ،انہوں نے خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے مون سون سے قبل سیوریج لائن اور بارشی پانی کے نکاس کے پراجیکٹس کی یقینی تکمیل کی ہدایت کی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ سرگودھا،ڈیرہ غازی خان،گجرات،اوکاڑہ،جھنگ،ملتان ،سیالکوٹ ،جہلم،حافظ آباد،ساہیوال،فیصل آباد،گوجرانوالہ،شیخوپورہ،ننکا نہ صاحب اور راولپنڈی میں نکاسی آب پراجیکٹس پر تیزی سے کام جاری ہے ، 15 شہرو ں کیلئے 2265کلو میٹر طویل سیوریج لائن اور بارش کے پانی کے نکاس کیلئے 189کلو میٹر طویل پائپ لائن بچھائی جائے گی۔ فیز ون میں 86ڈسپوزل سٹیشن اور 9انڈر گراؤنڈ سٹوریج ٹینک بنائے جائیں گے ،واسا سیوریج اور بارشی پانی کے نکاس کے پراجیکٹ کی تکمیل پر 752کلومیٹر طویل سڑکیں بھی تعمیر کرائے گا۔ وزیراعلیٰ نے 15شہرو ں میں واسا کمپلیکس ڈیزائن کی منظوری بھی دیدی جبکہ مختلف شہروں میں بننے والے نئے واسا کمپلیکس میں افسروں کیلئے ہاسٹل بھی بنائے جائیں گے ۔اجلا س میں بتا یاگیا کہ واسا،ڈیش بورڈ اور موبائل ایپ پر جاری پراجیکٹس کی رئیل ٹائم مانیٹرنگ کی جارہی ہے جبکہ واسا مون سون سے قبل بڑے پیمانے پر نالوں کی صفائی کیلئے ڈی سلٹنگ مہم بھی شروع کرے گا۔