مذاکرات پاکستان کیلئے اعزاز ، مثبت پیشرفت :طاہر اشرفی
یہ عمل جاری رہے گا ،عوام بہتر نتائج کیلئے دعا کریں ،چیئرمین علماکونسل عالمی پیغامِ اسلام کانفرنس کی تاریخ تبدیل،20اپریل مقرر کردی گئی
لاہور(سیاسی نمائندہ)چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ اسلام آباد مذاکرات پاکستان کیلئے اعزاز کی بات اور مثبت پیشرفت ہے ، نتائج اللہ کے ہاتھ ہیں لیکن انسان کا کام صرف کوشش کرنا ہے ۔ اسلام آباد میں ایران ،امریکا مذاکرات پراپنے بیان میں انہوں نے مزید کہا پاکستانی قیادت نے اللہ پر توکل کرتے ہوئے اہم کردار ادا کیا جس سے پہلے جنگ بندی ممکن ہوئی اور پھر مذاکرات کا عمل شروع ہوا، اسلام آباد میں مذاکرات کا دروازہ کھل چکا اور یہ عمل آئندہ بھی جاری رہے گاعوام اس پیشرفت پر شکر ادا کریں اور بہتر نتائج کیلئے دعا جاری رکھیں۔ انہوں نے مزید کہا عالمی پیغامِ اسلام کانفرنس کی تاریخ تبدیل کر کے 20 اپریل مقرر کی گئی ہے جس میں فلسطین، سعودی عرب، ترکیہ سمیت مختلف ممالک کے علما شرکت کرینگے ، کانفرنس میں امن، رواداری اور پیغامِ پاکستان کے فروغ کیلئے جامع لائحہ عمل پیش کیا جائے گا۔