سب میرین کیبل میں خرابی ،انٹرنیٹ سروس جزوی متاثر ہونے کا امکان
کراچی(کامرس رپورٹر)پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی لمیٹڈ کے زیر استعمال سب میرین کیبل میں خرابی کے باعث ملک میں انٹرنیٹ سروس جزوی طور پر متاثر ہونے کا امکان ہے۔
ترجمان پی ٹی سی ایل کے مطابق کیبل کی مرمت کا کام 14 اپریل سے شروع کیا جا رہا ہے ۔ ترجمان نے بتایا کہ انٹرنیشنل کیبل کنسورشیم کی نگرانی میں مرمتی سرگرمیاں انجام دی جائیں گی جو 20 اپریل تک جاری رہنے کا امکان ہے ۔ اس دوران صارفین کو خاص طور پر شام کے اوقات میں انٹرنیٹ کی رفتار میں کمی اور سست روی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔ پی ٹی سی ایل کے مطابق گزشتہ روز بھی شام کے اوقات میں انٹرنیٹ اسپیڈ متاثر ہوئی تھی ، جس کی بنیادی وجہ سب میرین کیبل میں پیش آنے والی تکنیکی خرابی تھی۔ مرمتی کام مکمل ہونے تک انٹرنیٹ سروس جزوی طور پر متاثر رہ سکتی ہے تاہم متبادل انتظامات کے ذریعے سروس کو برقرار رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔