نواز شریف کینسر انسٹیٹیوٹ کی تعمیر میں سنگین خامیوں کا انکشاف
سائٹ پر نصب لائٹ پولز سیدھ میں نہیں ،سیوریج پائپ لائن میں بھی نقائص واٹر پروفنگ کے ناقص انتظامات کئے گئے :مانیٹرنگ رپورٹ،اصلاحی اقدامات پر زور
لاہور(محمد حسن رضا سے )پنجاب حکومت کے اہم منصوبے نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ لاہور کی دسویں مانیٹرنگ رپورٹ میں مزید انکشافات، تعمیراتی معیار، سائٹ مینجمنٹ اور سیفٹی سے متعلق سنگین خامیوں کی نشاندہی کی گئی ہے اور متعلقہ محکموں کی کارکردگی اور تعمیراتی کام پر حیران کن سوالات کھڑے ہو گئے ۔ روزنامہ دنیا کو موصول سرکاری رپورٹ کے مطابق سائٹ انسپکشن کے دوران ڈرین کی مضبوطی سیدھی لائن میں نہ ہونے کا انکشاف ہوا جسے کنسٹرکشن سپرویژن اور سول انجینئرنگ سٹینڈرڈز پر عملدرآمد میں کوتاہی قرار دیا گیا ہے جبکہ فوری طور پر ڈیزائن کے مطابق درستگی کی ہدایت دی گئی ہے ۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ سائٹ پر نصب لائٹ پولز سیدھ میں نہیں جو نہ صرف تعمیراتی معیار سے انحراف بلکہ اس سے سٹرکچرل سیفٹی، الیکٹریکل سیفٹی اور سائٹ کی مجموعی صورتحال متاثر ہونے کا خدشہ ہے ، تمام لائٹ پولز کو فوری درست کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے ۔
دستاویز کے مطابق سیوریج پائپ لائن کی تنصیب میں بھی سنگین نقائص سامنے آئے اور ہدایت کی گئی کہ کھدائی، کمپیکشن اور بنیاد کی ازسرنو درست تنصیب یقینی بنائی جائے ۔ مانیٹرنگ رپورٹ میں حفاظتی اقدامات کی خلاف ورزی بھی سامنے آئی جہاں مزدور بغیر ہیلمٹ، سیفٹی جیکٹس، جوتوں اور دستانوں کے کام کرتے پائے گئے ۔ اسی طرح کنکریٹ سٹرکچر میں کنسٹرکشن جوائنٹس کے درست ڈیزائن کے مطابق نہ ہونے اور واٹر پروفنگ کے ناقص انتظامات کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ رپورٹ کے مطابق حفاظتی کوٹنگ نہ ہونے کے باعث پانی سے بچاؤ اور زنگ لگنے سے حفاظت کے بنیادی تقاضے پورے نہیں ہو رہے ۔ بٹومینس کوٹنگ کالی حفاظتی تہ (تارکول جیسی)نہ لگنے سے عمارت میں پانی داخل ہونے اور زنگ لگنے کا خطرہ ہے ،سائٹ پر صفائی کی ناقص صورتحال بھی رپورٹ کا حصہ ہے اورہدایت کی گئی ہے کہ ملبہ فوری طور پر ہٹایا جائے ۔ رپورٹ میں تمام خامیوں کو دور کرنے کیلئے فوری اصلاحی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے ۔ اس حوالے سے ڈی جی مانیٹرنگ اینڈ اویلیوایشن پنجاب ڈاکٹر فاروق منظور نے کہا کہ رپورٹس متعلقہ حکام اور متعلقہ محکمے کے ذمہ داران کو بھجوا دی ہیں، ہمارا کام غلطیوں کی نشاندہی ہے ، بہتر ی کی تجاویز بھی دی ہیں۔