بیساکھی تہوار ربیع فصل کی کٹائی کے آغاز کی علامت ،صدر ، وزیراعظم
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،نامہ نگار) صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے بیساکھی کے موقع پر پاکستان اور دنیا بھر میں مقیم سکھ اور ہندو برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ خوشیوں اور شکر گزاری کا تہوار ربیع کی فصل کی کٹائی کے آغاز کی علامت ہے اور کسانوں کی محنت کے ثمرات کی خوشی کو اجاگر کرتا ہے۔
حکومت قلیتوں کے حقوق، مذہبی آزادی اور یاتری سہولتوں کیلئے اقدامات جاری رکھے گی،صدر زردار ی نے کہا کہ بیساکھی مذہبی اور ثقافتی اہمیت کا حامل تہوار ہے جو اتحاد، رواداری اور انسانیت کی خدمت جیسے اعلیٰ اقدار کی یاد دہانی کراتا ہے ۔ صدرِ مملکت نے یقین دلایا کہ حکومت سکھ اور ہندو یاتریوں کی سہولت، عبادت گاہوں کی دیکھ بھال اور مذہبی مواقع پر مؤثر سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کیلئے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ یہ تہوار پنجاب کی ثقافتی روایت، کسانوں کی محنت اور فصل کی کٹائی کی خوشی کی علامت ہے ، جو معاشرتی ہم آہنگی اور باہمی احترام کو فروغ دیتا ہے ۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اقلیتی برادریوں کے مذہبی، سماجی اور شہری حقوق کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے اور حکومت اس حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرتی رہے گی ۔ پاکستان کی خاتونِ اول آصفہ بھٹو زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ بیساکھی/ویساکھی کے اس پر مسرت موقع پر میں پاکستان اور دنیا بھر میں رہنے والے اپنے ہندو اور سکھ خاندانوں کو دلی مبارکباد پیش کرتی ہوں۔