سفارتکاری کے فروغ کی کوششیں جاری رہیں گی : اسحاق ڈار

سفارتکاری کے فروغ کی کوششیں جاری رہیں گی : اسحاق ڈار

چینی ہم منصب وانگ ای سے ٹیلیفون پر بات چیت،5نکاتی امن اقدامات پر گفتگو وزیرخارجہ سے چینی سفیر کی ملاقات ، افسروں کی کارکردگی کو سراہنے کیلئے اجلاس

اسلام آباد(وقائع نگار،مانیٹرنگ ڈیسک،اے پی پی)نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ سفارت کاری کے فروغ کیلئے پاکستان کی کوششیں جاری رہیں گی ،ان کا گزشتہ روز چینی ہم منصب وانگ ای سے رابطہ ہوا جس میں 5نکاتی امن اقدام پر گفتگو کی گئی اور مسائل کے پرامن حل پر زور دیاگیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار اور وانگ ای نے اسلام آباد کے مذاکرات کے ساتھ امریکا اور ایران میں براہ راست بات چیت پر تبادلہ خیال کیا۔چینی وزیر خارجہ نے پاکستان کی امن اور استحکام کیلئے کاوشوں کو سراہتے ہوئے مبارک باد دی اور پاکستان کے تعمیری سفارتی کردار کی مکمل حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔

اسحاق ڈار نے گفتگو میں خطے میں امن کیلئے مکالمے اور سفارتکاری کے عزم کو دہرایا۔اسحاق ڈار سے چینی سفیرجیانگ زی ڈونگ نے بھی ملاقات کی ،ملاقات کے دوران اسلام آباد مذاکرات کے بعد کی صورتحال اور حالیہ علاقائی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسحاق ڈار نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان مکالمے اور سفارت کاری کے فروغ کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔چینی سفیر نے امریکا اور ایران کے درمیان براہِ راست مذاکرات میں پاکستان کے اہم کردار کو سراہا۔ دریں اثنا اسحاق ڈار نے اسلام آباد مذاکرات کے دوران وزارتِ خارجہ کے افسروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ان کے اعزاز میں ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں