فارن فنڈنگ کیس میں عمران خان مرکزی ملزم قرار

فارن فنڈنگ کیس میں عمران خان مرکزی ملزم قرار

11ملزم نامزد،3اشتہاری قرار،57صفحات کا چالان آج پیش کیے جانیکا امکان 190 ملین پاؤنڈ میں عمران وبشریٰ کی سزا معطلی درخواستیں، سماعت کیلئے کوششیں

 اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے ،نیوز ایجنسیاں) بانی پی ٹی آئی عمران خان کیخلاف فارن فنڈنگ کیس کا چالان تیار کرلیاگیاہے اور ایف آئی اے کیجانب سے چالان آج بدھ تک جمع کروا دیا جائے گا، ذرائع کے مطابق فارن فنڈنگ کیس کا چالان 57 صفحات پر مشتمل ہے جس میں مجموعی طور پر 11 ملزموں کو نامزد کیا گیا ہے ،بانی پی ٹی آئی کو فارن فنڈنگ کیس میں مرکزی ملزم قرار دیاگیاہے ،ایف آئی اے چالان کے مطابق طارق شفیع، حامد زمان، ودیگرشریک ملزموں کی فہرست میں شامل ہیں جبکہ3 ملزموں کو اشتہاری بھی قرار دے دیا، جن میں عارف نقوی، طارق رحیم شیخ ودیگر شامل ہیں، ذرائع کے مطابق دنیا کے مختلف ممالک سے پی ٹی آئی اکاؤنٹ میں 1800 ٹرانزیکشنز ہوئیں،پی ٹی آئی اکاؤنٹ میں رقم نیا پاکستان کے نام سے آئی،ملزموں پر 2.1 ملین ڈالر کی غیرقانونی فنڈنگ کا الزام ہے ،پی ٹی آئی کو 2.1 ملین کی رقم ووٹ آن کرکٹ لمیٹڈ نامی کمپنی نے بھی بھیجی،پی ٹی آئی کی جانب سے الیکشن کمیشن کو دیئے گئے ریکارڈ کے مطابق کمپنی عارف نقوی کی ملکیت ہے ،پی ٹی آئی کیطرف سے جمع کروائے گئے ریکارڈ کے مطابق کمپنی کیمن آئرلینڈ میں رجسٹرڈ ہے ،چالان کے مطابق کمپنی فیک ہے کہیں رجسٹرڈ نہیں ہے ۔گزشتہ روز بینکنگ عدالت اسلام آباد کے جج عبدالغفور کاکڑ کی عدالت میں زیر سماعت فارن فنڈنگ کیس میں چالان جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے ملزموں سراج احمد اور فیصل قاضی کی عبوری ضمانت میں21 اپریل تک توسیع کر دی گئی۔

سپیشل پراسیکیوٹر واثق ملک اور تفتیشی افسر عدالت میں پیش ہوئے ۔ عدالت نے استفسار کیا کہ چالان کی کیا صورتحال ہے ، جس پر پراسیکیوٹر نے بتایا کہ چالان مکمل تیار ہے اور ایک دو روز میں رجسٹرار کے پاس جمع کرا دیا جائے گا۔ ملزم فیصل قاضی کی عدم دستیابی کے باعث ضمانت کی درخواست پر دلائل نہ ہو سکے ۔ پراسیکیوٹر نے کہا کہ عدالت کو بتائے بغیر ملزم بیرون ملک کیسے جا سکتا ہے ، جبکہ وکیل صفائی نے مؤقف اختیار کیا کہ فیصل قاضی نجی بینک کے دبئی میں ہیڈ ہیں اور ہر سماعت پر پاکستان آتے ہیں۔جج عبدالغفور کاکڑ نے ریمارکس دیئے کہ آئندہ پیشی پر اگر ملزم پیش نہ ہوا تو کارروائی کی جائے گی۔ دوسری طرف اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیر سماعت 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواستیں سماعت کیلئے مقرر کرانے کی ایک بار پھر کوششیں کی جا رہی ہیں۔ پی ٹی آئی کے وکلانیاز اللہ نیازی، انتظار پنجوتھہ، نعیم حیدر پنجوتھہ اور مرتضیٰ طوری کیس کو سماعت کیلئے مقرر کروانے کیلئے ہائیکورٹ پہنچے ۔ نیاز اللہ نیازی کا کہنا تھا کہ وہ چیف جسٹس کے سیکرٹری سے ملاقات کرینگے اور کیس جلد مقرر کرنے کی درخواست کریں گے ۔بعد ازاں انتظار پنجوتھہ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سٹاف سے ملاقات ہوئی ہے اور آئندہ ہفتے 190 ملین پاؤنڈ کیس مقرر کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی ہے ۔ جمعرات کو کاز لسٹ جاری ہونے کا امکان ہے ، ہم چاہتے ہیں کہ ضمانت کی درخواست پہلے سنی جائے جبکہ نیب کی متفرق درخواستیں صرف التواء کیلئے ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں