لمس کے ساتھ تعاون بڑھائیں گے ، بنگلہ دیشی ہائی کمشنر

 لمس کے ساتھ تعاون بڑھائیں گے ، بنگلہ دیشی ہائی کمشنر

ایم ڈی اقبال کایونیورسٹی کا دورہ، مختلف شعبہ جات سے متعلق بریفنگ دی گئی یونیورسٹی میں زیرتعلیم بنگلہ دیشی طلبا سے ملاقات، انتظامیہ پر اعتماد کا اظہار کیا

حیدر آباد (بیورو رپورٹ)بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر ایم ڈی اقبال حسین خان نے اپنے وفد کے ہمراہ لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز (لمس)، جامشورو کا دورہ کیا۔ استقبالیہ تقریب کے بعد وائس چانسلر نے سینئر فیکلٹی اراکین کے ہمراہ وفد کو یونیورسٹی کا تفصیلی دورہ کروایا۔ اس دوران وفد کو مختلف تعلیمی شعبہ جات، جدید سہولیات اور جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔دورے کے دوران ایم ڈی اقبال حسین خان نے پاکستان کی ایک ممتاز میڈیکل یونیورسٹی آنے پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے یونیورسٹی کے تعلیمی ماحول، انفرا اسٹرکچر اور مجموعی ترقی کو سراہتے ہوئے کہا کہ لمس ایک بڑی، منظم اور ترقی پذیر ادارہ ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت متعدد بنگلہ دیشی طلبہ لمس میں مختلف اسکالرشپ پروگرامز، جن میں علامہ اقبال اسکالر شپ، پی ٹیپ پروگرامز اور خود مالیاتی داخلے شامل ہیں، کے تحت زیرِ تعلیم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آنے والے برسوں میں لمس پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تعلیمی تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں جو باہمی سمجھ بوجھ اور تعلیمی ترقی کو مزید مضبوط بنا سکتے ہیں۔ دورے کا اختتام خوشگوار ماحول میں ہوا، جس میں باہمی احترام، خیر سگالی اور تعلیمی تعلقات کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ دورے کے بعد ایم ڈی اقبال حسین خان نے یونیورسٹی میں زیرِ تعلیم بنگلہ دیشی طلبہ سے بھی ملاقات کی اور یونیورسٹی انتظامیہ پر اعتماد کا اظہار کیا۔ وائس چانسلر لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز (لمس)، پروفیسر ڈاکٹر اکرام دین اجن نے کہا کہ بنگلہ دیش ہائی کمیشن کے وفد کا دورہ یونیورسٹی کے لیے باعثِ فخر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لمس معیاری طبی تعلیم، تحقیقی مواقع اور طلبہ کے لیے ایک سازگار تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں