نعمان بھارتی حریف کو ہراکر ایشین جونیئر سکواش چیمپئن بن گئے
چیمپئن شپ کے بوائز انڈر 17ایونٹ کے فائنل میں نعمان نے سیڈ 5بھارت کے شیوان کو اگروال کو 1-3سے مات دیکر ٹائٹل جیتا احمد ریان نے جونیئر انڈر 15چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا،ماہ نور علی کاسلور میڈل ،پاکستان نے مجموعی طور پر 5 میڈل جیت لئے
اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کے نعمان خان بھارتی حریف کو شکست دے کر ایشین جونیئر انڈر 17 سکواش چیمپئن بن گئے ، احمد ریان خلیل نے ایشین جونیئر انڈر 15 چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ماہ نور علی گرلز انڈر 15 کے فائنل میں شکست سے دوچار ہو گئیں اور سلور میڈل حاصل کیا، 33ویں ایشین جونیئر انفرادی سکواش چیمپئن شپ 2026 میں پاکستان میں 2 گولڈ ایک سلور اور 2برانز میڈلز جیتنے میں کامیاب رہا۔ موصول اطلاعات کے مطابق چین کے شہر پانزیہوا میں منعقدہ چیمپئن شپ کے بوائز انڈر 17 ایونٹ کے فائنل میں نعمان خان نے سیڈ 5 بھارت کے شیوان کو اگروال کو 40 منٹ کے مقابلے کے بعد 1-3 سے مات دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا اور گولڈ میڈل کے حقدار بن گئے ۔
بوائز انڈر 15 کے فائنل میں ٹاپ سیڈ احمد ریان خلیل نے ملائیشیا کے دھوران روتھی ران کو کسی دقت کے بغیر 0-3 سے شکست دے دی اور ایشین جونیئر چیمپئن بن گئے ، یہ مقابلہ 29 منٹ جاری رہا۔گرلز انڈر15 ایونٹ کے فائنل میں سیڈ 4 ماہ نور علی ٹاپ سیڈ چین کی زی یوان سے باآسانی ہار گئی، ماہ نور علی کو 23 منٹ کے مقابلے میں 3-0 سے ناکامی کے بعد سلور میڈل پر قناعت کرنا پڑی۔ یاد رہے کہ ماہ نور علی نے گزشتہ سال ایشین جونیئر چیمپئن شپ میں گرلز انڈر 13 کا فائنل کھیل کر سلور میڈل جیتا تھا، 33 ایشین جونیئر انفرادی چیمپئن شپ میں پاکستان نے مجموعی طور پر 5 میڈلز حاصل کیے ، ان میں 2 گولڈ، ایک سلور اور 2 برانز میڈلز شامل ہیں۔