آئل کمپنیوں کو 38ارب کے پرائس ڈیفرینشل کلیمز کی ادائیگی مکمل
تیل قیمتوں میں استحکام کیلئے حکومتی اقدامات کی مکمل حمایت جاری رکھی جائیگی:اوگرا
اسلام آباد(نامہ نگار)وفاقی حکومت کے اس فیصلے پر عمل درآمد کرتے ہوئے کہ عوام کے لیے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو قابلِ برداشت سطح پر برقرار رکھا جائے ، آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے 34آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو تقریباً 38ارب روپے کے پرائس ڈیفرینشل کلیمزPDC) کی ادائیگی کا عمل مکمل کر لیا ۔ترجمان اوگرا کے مطابق اوگرا نے وفاقی حکومت کے فیصلے کو ایک باقاعدہ طریقہ کار کے تحت نافذ کیا جس کی حکومت سے منظوری بھی حاصل ہے ۔ اس طریقہ کار کا مقصد کلیمز کی جانچ پڑتال اور ادائیگی کے عمل میں شفافیت، مؤثریت اور بروقت تکمیل کو یقینی بنانا ہے ۔ اتھارٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں استحکام کے لیے حکومتی اقدامات کی مکمل حمایت جاری رکھے گی جبکہ آئل سپلائی چین سے وابستہ تمام متعلقہ فریقین کے مفادات کا بھی تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔