ٹریفک جرمانوں میں کمی کا بل اسمبلی پیش نہ ہوسکا

ٹریفک جرمانوں میں کمی کا بل اسمبلی پیش نہ ہوسکا

موٹر سائیکل کا چالان کم کر کے 1 ہزار،زیادہ سے زیادہ2ہزار کرنے کی تجویز

لاہور(سیاسی نمائندہ)پنجاب میں ٹریفک جرمانوں میں اضافے کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا تھا ،تاہم جرمانوں میں کمی کا معاملہ تاحال تاخیر کا شکار ہے ، قائمہ کمیٹی برائے  داخلہ پنجاب اسمبلی سے چالان میں کمی کی ترامیم یکم اپریل کو منظور ہو چکی ہیں لیکن ترمیمی بل گزشتہ روزبھی منظوری کیلئے ایوان میں پیش نہ کیا جا سکا، ترمیمی مسودے میں موٹر سائیکل کے بعض چالان کم کر کے ایک ہزار روپے جبکہ زیادہ سے زیادہ جرمانہ 2 ہزار روپے مقرر کرنے کی تجویز ہے ، رکشہ کے چالان بعض خلاف ورزیوں پر 3 ہزار سے کم کر کے ایک ہزار ،جبکہ سنگین خلاف ورزی پر 2 ہزار کرنے کی سفارش کی گئی ہے ، کار اور جیپ کے چالان کو 5 ہزار سے کم کر کے 3 ہزار کیا جائے گا جبکہ سنگین خلاف ورزیوں پر 5 ہزار جرمانہ برقرار رکھا جائے گا۔

2000 سی سی اور لگژری گاڑیوں کا جرمانہ 20 ہزار سے کم کر کے 10 ہزار کرنے کی تجویز ہے جبکہ مزدا، کوسٹرز اور لائٹ ٹرانسپورٹ کے زیادہ سے زیادہ جرمانے 20 ہزار سے کم کر کے 7 ہزار کرنے کی سفارش کی گئی ہے ، اسی طرح ٹرک، بسوں اور دیگر ہیوی وہیکلز کا زیادہ سے زیادہ جرمانہ 20 ہزار سے کم کر کے 10 ہزار کرنے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ اوور سپیڈنگ کے جرمانے برقرار رکھے گئے ہیں،پنجاب اسمبلی سے منظوری کے بعد ہی جرمانوں میں کمی کا اطلاق ممکن ہو سکے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں