عمران پی ٹی آئی کے چیئرمین ہیں اور رہیں گے :علیمہ خان
ہم بانی اور بشریٰ بی بی کی رہائی کیلئے کوششیں کر رہے اور کریں گے :بیرسٹر گوہر
راولپنڈی (خبر نگار) علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران پی ٹی آئی چیئرمین ہیں اور رہیں گے ، بات ختم۔ اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ نہیں کہ وہ اہل نہیں ہیں، لیکن وہ اپنے بھائی کے ساتھ کھڑی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو غیر قانونی طور پر قید رکھ کر انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعت بانی پی ٹی آئی نے 30 سال کی محنت سے بنائی، لہٰذا اسے انہی کے ویژن کے مطابق چلایا جانا چاہیے ۔ بانی نے کہا تھا کہ مزاحمت عبادت ہے اور وہ جیل میں رہ کر بھی مزاحمت کر رہے ہیں۔
دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ وہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی رہائی کیلئے کوششیں کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر کسی کا کنٹرول نہیں، پارٹی کا مؤقف قیادت ہی پیش کرتی ہے ۔اڈیالہ جیل کے باہر گفتگو میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ پاکستان ترقی کرے اور ملک کو عالمی سطح پر عزت ملے ۔پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر بابر اعوان نے بھی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے مسائل میں شریک ہے۔