اسلام آبادسمیت مختلف شہروں میں زلزلہ،شدت 5.7ریکارڈ
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، گزشتہ روزصبح 11 بجکر 46 منٹ پر آنے والے زلزلے کی شدت 5.7 ریکارڈ کی گئی۔۔۔
جس کی گہرائی تقریباً 170 کلومیٹر تھی ،رپورٹ کے مطابق شہری کلمہ کاوردکرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے ،وفاقی دارالحکومت کے علاوہ خیبرپختونخوا کے اضلاع مردان، شانگلہ، بونیر ، سوات،مری کے علاقے نتھیاگلی میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ،ابتدائی اطلاعات کے مطابق جھٹکے کچھ سیکنڈ تک محسوس ہوتے رہے ، تاہم فوری طور پر کسی بڑے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی،زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز افغانستان-تاجکستان سرحدی علاقہ میں واقع تھا۔محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلہ گہرائی میں ہونے کے باعث اس کے اثرات وسیع علاقے میں محسوس ہوئے ، تاہم اس نوعیت کے زلزلے عموماً سطح پر کم نقصان کا باعث بنتے ہیں۔