شیخوپورہ : رجسٹری برانچ میں 8 ارب 66 کروڑ کی مبینہ کرپشن ،5 ملازم گرفتار
وفاقی وصوبائی حکومت کے ٹیکسز ادا کئے بغیر رجسٹریاں کرائی گئیں ،حسا س ادارے نے رپورٹ اعلیٰ حکام کو بھیجی ڈپٹی کمشنر شاہدمارتھ نے اپنے دفترسے 5اہلکاروں کو گرفتار کرایا،سابق تحصیلدارسمیت 9افرادکیخلاف ریفرنس دائر
شیخوپورہ (رانامحمدعثمان سے ،نمائندہ دنیا) شیخوپورہ کی رجسٹری برانچ میں 8 ارب 66 کروڑ روپے کی مبینہ کرپشن کا بڑا انکشاف سامنے آیا ہے ، جس پر سابق تحصیلدار سمیت 9 ملازمین کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا جبکہ 5 ملزموں کو گرفتار کر لیا گیا۔حساس ادارے کی رپورٹ پر ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ شاہد عمران مارتھ نے سخت ایکشن لیتے ہوئے رجسٹری برانچ کے عملہ کو اپنے دفتر میں سے گرفتار کروادیا جبکہ سابق تحصیلدارآصف جاوید ورک سمیت رجسٹری محرران،سینئر کلرک، کمپیوٹر آپریٹرز سمیت9 افرادکیخلاف مقدمہ کے اندراج کیلئے ڈی جی اینٹی کرپشن کو ریفرنس بھجوادیا ۔بتایاگیاہے کہ رجسٹری برانچ شیخوپورہ میں عرصہ دراز سے بوگس رجسٹریوں اور وفاقی وصوبائی حکومت کے ٹیکسز ادا کئے بغیر رجسٹریاں کرنے کے سکینڈل منظر عام پر آرہے تھے جس کی پنجاب کی ایک خفیہ ایجنسی نے رپورٹ بنا کر اعلیٰ حکام کو بھجوائی تھی ،گزشتہ ماہ ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ کو ایک شخص نے جعلی رجسٹری کرنے کی درخواست دی۔
جس پر انکوائری کرائی گئی تو پتہ چلا کہ ایک سابق تحصیلدار نے اپنی ٹرانسفر کے بعد بھاری رقوم لے کر یہ رجسٹری کردی ہے ۔ انکوائری میں ثابت ہونے پر ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ نے فوری ایکشن لیتے ہوئے سابق تحصیلدار آصف جاوید ورک ،رجسٹری محرر رانا نذر اور رجسٹری برانچ کے دیگر ملازمین اویس کمبوہ،ہمایوں خان،فرحان علی وغیرہ کیخلاف ریفرنس ڈی جی اینٹی کرپشن کو بھجوا دیا ہے جبکہ ڈپٹی کمشنرنے فوری طور پر پولیس کو طلب کرکے 5ملازمین کو اپنے دفتر بلاکرگرفتار بھی کروادیا۔ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نے پریس کانفرنس میں بتایاکہ رجسٹری برانچ کے افسر وں اور اہلکار وں نے ذاتی مفاد کیلئے سرکاری خزانے کو نقصان پہنچایا ،ملزموں نے زمینوں کی رجسٹریوں میں زمین کی ویلیو کم ظاہر کرکے سرکاری خزانے کو ٹیکسز کی مدد میں اربوں روپے کا نقصان پہنچایا ۔ ڈپٹی کمشنر نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عثمان جلیس کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے کر ضلع شیخوپورہ کی دیگر 4 تحصیلوں میں بھی رجسٹری برانچوں کا آڈٹ کرنے کا حکم دے دیا ہے۔