صدر زرداری کا ماؤ زے تُنگ کے آبائی شہر کا دورہ

 صدر زرداری کا ماؤ زے تُنگ کے آبائی شہر کا دورہ

چینی انقلابی رہنما کے مجسمے پر گلدستہ رکھا، صدرمملکت کو ماؤ کی زندگی پر بریفنگ ماؤ زے تُنگ میوزیم بھی گئے ، تاریخی شعور قومی ترقی کیلئے اہم :آصف زرداری

 اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، دنیا نیوز)صدر آصف علی زرداری نے شاؤشان میں چین کے انقلابی رہنما ماؤ زے تُنگ کے آبائی شہر کا دورہ کیا اور سٹیچو اسکوائر پر ان کے مجسمے پر گلدستہ رکھ کر خراجِ عقیدت پیش کیا۔ صدر آصف زرداری کا استقبال سینئر چینی رہنما لی جیانگ اور شاؤشان ایڈمنسٹریشن کے ڈائریکٹر ژانگ شی ہوئی نے کیا۔ اس موقع پر صدر کو ماؤ زے تُنگ کی زندگی، جدوجہد اور ان عوامل پر بریفنگ دی گئی جنہوں نے ان کی سیاسی سوچ کی تشکیل میں کردار ادا کیا۔صدر کو آگاہ کیا گیا کہ ایسے یادگاری مقامات تاریخی مواد کے تحفظ اور چین کی انقلابی تاریخ سے متعلق عوامی شعور اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

صدر زرداری نے ماؤ زے تُنگ میموریل میوزیم کا دورہ بھی کیا، جہاں انہیں عوامی جمہوریہ چین کے بانی رہنما کی زندگی، فکر اور سیاسی ورثے سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے میوزیم میں موجود تاریخی نوادرات، ریکارڈ اور تصاویر کا بھی مشاہدہ کیا۔انہوں نے ماؤ زے تُنگ کے چین کی تاریخی تبدیلی میں کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے مقامات کا تحفظ جدید چین کی تشکیل میں مددگار عوامل کو سمجھنے میں اہمیت رکھتا ہے اور قومی ترقی میں تاریخی شعور کو فروغ دیتا ہے ۔دریں اثنا صدر زرداری صوبہ ہونان کا دورہ مکمل کرنے کے بعدصوبہ ہائی نان کے شہر سانیا پہنچ گئے ہیں جہاں انکا استقبال کمیونسٹ پارٹی آف چائنا ہائی نان کے پارٹی سیکرٹری وانگ جیانگ نے کیا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں