چمن : فتنہ الخوارج کی جارحیت ، پاک فوج کا بھر پور جواب، متعدد افغان چوکیاں تباہ

 چمن : فتنہ الخوارج کی جارحیت ، پاک فوج کا بھر پور جواب، متعدد افغان چوکیاں تباہ

آپریشن غضب للحق کے تحت طالبان کی سرشان، المرجان، ایدھی پوسٹ، گاڑی اور دیگر تنصیبات کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا آپریشن مقررہ اہداف کے حصول تک جاری ر ہے گا:سکیورٹی ذرائع ،وزیرداخلہ محسن نقوی کی بلا اشتعال جارحیت کی مذمت

راولپنڈی،چمن (دنیا نیوز،خصوصی نیوز رپورٹر، نامہ نگار ،نیوزایجنسیاں )پاک افغان سرحد پر افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کی بلا اشتعال جارحیت کے بعد پاک فوج کی جانب سے بھرپور جواب دیا گیا ۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج کی جانب سے آپریشن غضب للحق کے تحت افغان طالبان کی بلا اشتعال جارحیت پر بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔پاک فوج نے چمن سیکٹر میں افغان طالبان کی متعدد چوکیوں کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنا کر تباہ کر دیا ہے جبکہ افغان طالبان کی سرشان، المرجان، ایدھی پوسٹ، گاڑی اور دیگر تنصیبات کو بھی کامیابی سے نشانہ بنایا گیا ہے۔سکیورٹی ذرائع نے واضح کیا کہ سکیورٹی فورسز کا دفاعِ وطن کیلئے عزم غیرمتزلزل ہے۔

دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کے عزائم کو خاک میں ملا دیا جائے گا، پاک فوج کا آپریشن غضب للحق تمام مقررہ اہداف کے حصول تک جاری رہے گا۔ادھر وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے فتنہ الخوارج کی بلا اشتعال جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے دشمن کو فوری طور پر منہ توڑ جواب دینے پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا،ایک بیان میں انہوں نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہااور کہاکہ پاک فوج نے بروقت کارروائی کرکے دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا ۔ پاک فوج کے بہادر سپوت ہمارا فخر ہیں ۔ مسلح افواج دشمن کی ہر جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے تیار ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں