بجلی قیمت میں ایک ماہ کیلئے 27 پیسے یونٹ اضافے کا امکان
سماعت مکمل، نیپرا اعدادوشمار کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ جاری کرے گی ریونیوبیسڈ لوڈشیڈنگ غیر قانونی :نیپرا، گردشی قرضہ بڑھ جائیگا،پاور ڈویژن
اسلام آباد(نامہ نگار)بجلی کی قیمت میں ایک ماہ کیلئے 27 پیسے فی یونٹ اضافے کا امکان، نیپرا نے سی پی پی اے کی درخواست پر سماعت مکمل کر لی۔اتھارٹی اعدادوشمار کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ جاری کرے گی۔قیمت میں اضافے کا اطلاق ملک بھر بشمول کے ۔ الیکٹرک صارفین پر ہوگا۔نیپرا ہیڈکوارٹرز میں ایف سے اے سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔ نیپرا نے کہا کہ بجلی لوڈشیڈنگ جسے لوڈ مینجمنٹ کہہ رہے یہ کب شروع کی۔حکام نے جواب دیا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ اپریل میں شروع کی گئی۔ پاور ڈویژن حکام نے بتایا کہ ریونیوبیسڈ لوڈشیڈنگ نہ کی جائے تو سرکلر ڈیٹ میں 4 سے 5 سو ارب اضافہ ہوگا۔
نیپرا نے کہا کہ ریونیو بیسڈ لوڈشیڈنگ غیر قانونی ہے ۔سماعت کے دوران صحافی نے سوال کیا کہ اتھارٹی ریونیو بیسڈ لوڈشیڈنگ کو غیر قانونی کہہ رہی۔ پاور ڈویژن دھڑلے سے بیٹھ کر ریونیو بیسڈ لوڈشیڈنگ کرنے کا کہہ رہا،اتھارٹی بتا سکتی ہے کہ قانون کدھر ہے ۔نیپرا اتھارٹی اور پاور ڈویژن قانون سے متعلق سوال پر خاموش رہے ، کوئی جواب نہیں دیا۔نیپرا نے کہا کہ اتھارٹی پریس کانفرنسز نہیں کرتی،25 کلو واٹ تک فیس سے متعلق پاور ڈویژن کا خط موصول ہوچکا،اتھارٹی امور کا جائزہ لے رہی ہے ۔بطور ریگولیٹر جب فیصلہ کیا جائے گا تو آگاہ کیا جائے گا۔