وکلا تنظیموں نے 3 ججز کے تبادلے مسترد کریئے، آج ریلی نکالنے کا اعلان

وکلا تنظیموں نے 3 ججز کے تبادلے مسترد کریئے، آج ریلی نکالنے کا اعلان

چیف جسٹس نے خود یہ ترامیم منظور کروائیں،اب کہہ رہے کہ ججز کے تبادلے نہیں ہونے چاہئیں،صدر ہائیکورٹ بار عدالتی تاریخ کا سیاہ ترین دن:صدر لاہور بار،چیف جسٹس فادر آف جوڈیشری، سوموٹو لیکر تبادلے منسوخ کریں،حامد خان

لاہور(کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن اور لاہور بار ایسوسی ایشن نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے 3 ججوں کے تبادلوں کے فیصلے کو مسترد کردیا، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ہائیکورٹ بار بابر مرتضیٰ نے اعلان کیا کہ فیصلے کیخلاف آج ریلی نکالی جائیگی، ہم دو سال سے ان آئینی ترامیم کے خلاف جدو جہد کر رہے ہیں، آئینی ترمیم سے آئین کا بنیادی ڈھانچہ تبدیل کر دیا گیا ہے ، اب چیف جسٹس بھی  کہہ رہے ہیں کہ ججوں کے تبادلے نہیں ہونے چاہئیں جبکہ چیف جسٹس نے خود یہ ترامیم منظور کروائیں، ہم ان تبادلوں کی بھرپور مذمت کرتے ہیں،صدر لاہور بار ایسوسی ایشن عرفان حیات باجوہ نے کہا ججز کے تبادلوں کا دن پاکستان کی عدالتی تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا ہم 26 اور 27 ویں آئینی ترمیم کو تسلیم نہیں کرتے ، آئینی ترمیم کے خلاف ہماری درخواستیں آج تک نہیں سنی گئیں، آج چیف جسٹس پاکستان کو علم ہوا ہے کہ وہ بے اختیار ہوچکے ہیں ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ استعفیٰ دیں، انہوں نے کہا کہ وکلا ججز کے حقوق کے لئے لڑ رہے ہیں ، ججوں کو بھی آگے آنا چاہیے ، سینیٹر حامد خان نے کہا کہ جس طرح ججوں کے تبادلے جاری ہیں اسکی کوئی مثال نہیں، چیف جسٹس آف پاکستان فادر آف جوڈیشری ہوتا ہے ، ہمارا مطالبہ ہے چیف جسٹس سو موٹو لیکر تبادلے کے احکامات منسوخ کردیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں