کیمبرج بورڈ، اے لیول ریاضی کا پرچہ آؤٹ ہونے کی تصدیق

کیمبرج بورڈ، اے لیول ریاضی کا پرچہ آؤٹ ہونے کی تصدیق

متعدد خطوں میں امتحان سے پہلے پرچہ شیئر کے شواہد سامنے آئے ،تحقیقات شروع امتحانی سالمیت برقرار رکھنے کیلئے اقدام زیر غور، لیک کی نوعیت کا تعین کررہے ،اعلامیہ

کراچی (سٹاف رپورٹر، این این آئی) کیمبرج انٹرنیشنل ایگزامینیشنز کے اے لیول ریاضی کے پرچے کے امتحان سے قبل لیک ہونے کے معاملے کی تصدیق ہو گئی، جس کے بعد کیمبرج نے فوری طور پر عالمی سطح پر تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ کیمبرج حکام کے مطابق پیپر 12 (9709) متعدد خطوں میں امتحان سے پہلے شیئر کیے جانے کے شواہد سامنے آئے ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں افریقہ، یورپ، مشرق وسطیٰ، پاکستان اور جنوبی ایشیا شامل ہیں، جس سے امتحانی نظام کی شفافیت پر سنگین سوالات اٹھ گئے ہیں۔ادارے کا کہنا ہے کہ لیک کی نوعیت اور دائرہ کار کا تعین کیا جا رہا ہے ، جبکہ امتحانات کی سالمیت برقرار رکھنے کے لیے ہنگامی اقدامات زیر غور ہیں۔

کیمبرج نے  واضح کیا ہے کہ تمام فیصلے سینئر ماہرین کی مشاورت سے کیے جائیں گے اور تمام حقائق سامنے رکھے جائیں گے ۔طلبہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی امتحانی تیاری جاری رکھیں اور کسی بھی غیر مصدقہ معلومات پر انحصار نہ کریں۔ حکام کے مطابق گریڈز کی ساکھ کو برقرار رکھنا ادارے کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جا رہا ہے ۔ کیمبرج انٹرنیشنل بورڈ نے اے لیول ریاضی کا امتحانی پرچہ آؤٹ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے جاری اعلامیہ میں کہا ہے کہ ہم اس بات کی تصدیق کرتے ہیں اے ایس لیول میتھ میٹکس پیپر 12 (9709) جو افریقہ، یورپ، مشرق وسطیٰ، پاکستان اور جنوبی ایشیا میں لیا گیا، ہمارے ضوابط کے خلاف قبل از وقت شیئر کیا گیا تھا۔ہم ایسے واقعات کی فوری اور مکمل تحقیقات کرتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں