حیدر آباد:قاتلانہ حملے میں سنی تحریک کے رہنما شدید زخمی

حیدر آباد:قاتلانہ حملے میں سنی تحریک کے رہنما شدید زخمی

لطیف آباد محمدی مسجد کے باہرخالد قادری پربعد نماز جمعہ گولیاں برسائی گئیں ایک گولی سینے میں لگی، حملہ آوروں نے نام پوچھ کر نشانہ بنایا، عینی شاہدین

حیدر آباد (بیورو رپورٹ)لطیف آباد اے سیکشن تھانے کی حدود میں پاکستان سنی تحریک کے مرکزی رہنما خالد قادری پر نا معلوم افراد کی طرف سے قاتلانہ حملہ کیا گیا، ایک گولی سینے میں لگنے سے حالت تشویشناک ہے ، واقعہ کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیلا گیا۔ حیدرآباد تھانہ اے سیکشن کی حدود میں لطیف آباد یونٹ نمبر 8، محمدی مسجد سی ون کے قریب پاکستان سنی تحریک کے سینئر رہنما و جیلانی ویلفیئر کے چیئرمین خالد قادری کو نامعلوم افراد نے نمازِ جمعہ کے بعد فائرنگ  کر کے شدید زخمی کر دیا۔ عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور اچانک نمودار ہوئے ، نام پوچھا اور اندھا دھند فائرنگ کر کے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔ فائرنگ کے نتیجے میں  خالد قادری کو ایک گولی پاؤں میں ایک گولی سینے پر لگی، جس کے باعث ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے ، ان کو سول اسپتال حیدرآباد منتقل کردیا گیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ شہریوں میں عدم تحفظ کا احساس بڑھ گیا ہے ۔ پولیس کی جانب سے حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے ۔ حادثے کے بعد میئر حیدرآباد کاشف علی شورو، ایس ایس پی شاہزیب چاچڑ فوراً سول اسپتال پہنچ گئے ، خالد قادری کی عیادت کی، اور خیریت دریافت کی۔ انہوں نے واقعے سے متعلق تفصیلات لیں جبکہ پولیس نے کرائم سین کا معائنہ کیا ۔ پاکستان سنی تحریک کے ترجمان نے مرکزی سینئر نائب صدر محمد خالد قادری پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک دشمن عناصر کی جانب سے محمد خالد قادری پر قاتلانہ حملہ کیا گیا ہے ، انہیں تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، حکومت فوری قاتلوں کی گرفتاری کے لیے اقدامات کرے اور انہیں کیفر کردار تک پہنچائے ۔ پاکستان سنی تحریک ملک میں امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے کے لیے ہمیشہ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی رہی ہے ۔سنی تحریک اپنے شہید قائدین کے نقش قدم پر چل رہی ہے ۔قائدین کے مشن سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں