ملک بھر میں آج سے 5 مئی تک موسلا دھار بارش کا امکان
لاہور،اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک)محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں آج 2 مئی کی شام سے 5 مئی کی صبح تک نئے مغربی سلسلے کے تحت شدید موسمی سرگرمیوں کا الرٹ جاری کر دیا اور کہا ہے۔
کہ بالائی و وسطی علاقوں میں آندھی و گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش اور چند مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا اس موسمی نظام سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا صوبہ ہوگا جہاں پشاور سمیت دیگر علاقوں میں آج شام سے 4 مئی تک وقفے وقفے سے آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری متوقع ہے ۔پنجاب اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی موسم کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے ۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق آج سے 4 مئی کے دوران لاہور، راولپنڈی، مری، گلیات ، چکوال ، سمیت بیشتر اضلاع میں بارش کا امکان ہے ،کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کر دیا گیا ۔گلگت بلتستان کے اضلاع میں 5 مئی تک بارش اور گرج چمک کا سلسلہ جاری رہے گاجبکہ آزاد کشمیر ،بلوچستان ،بالائی سندھ میں بھی بارش ہو گی ۔محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہوائیں، ژالہ باری اور آسمانی بجلی کمزور تعمیرات، بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز اور سولر پینلز کو نقصان پہنچا سکتی ہیں، پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے ۔