روزنامہ دنیا کے کاظم خان سی پی این ای کے صدر منتخب
غلام نبی چانڈیو سیکرٹری جنرل،آزادی صحافت کی پالیسی میں ہی بقا :کاظم خان یہ مزاحمت کا سال،صحافیوں کو دھمکیاں دینے والوں کا راستہ روکنا ہوگا:نومنتخب صدر
لاہور(سٹاف رپورٹر)روزنامہ دنیا کے ایگزیکٹو ایڈیٹر کاظم خان کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز(سی پی این ای )کے صدر اور روزنامہ پاک سندھ کے ایڈیٹر غلام نبی خان چانڈیو سیکرٹری جنرل منتخب ہو گئے ۔نو منتخب صدر سی پی این ای کاظم خان نے 27-2026 کو مزاحمت کا سال قرار دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا جس صحافت نے عزت دی آج اسکی عزت خطرے میں ہے۔ ہر طاقتور صحافت کو اپنی انگلیوں پر نچاتا ہے ، بدقسمتی سے اس کے محافظ بھی لٹیروں کے ساتھ ملے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا مزاحمت اپنے گھر سے شروع کریں گے ، فیک نیوز، پراپیگنڈسٹ ، ڈمی اخبارات ، سیاسی جماعتوں اور اداروں کے پے رول پر بیانیہ بنانے والوں کے خلاف مزاحمت کریں گے ،ہر لکھنے والا ، ہر بولنے والا ، ہر کیمرے کے سامنے بیٹھ کر خود ساختہ دانش مسلط کرنے والا صحافی نہیں ہو سکتا ۔ کاظم خان نے کہا دن کی روشنی میں صحافیوں کو دفاتر بلا کر دھمکیاں دینے والوں کا راستہ روکنا ہوگا ۔اخبارات اور ٹی وی مالکان کو آزادی اظہار کے مطلب کو سمجھنا ہو گا ،ہر نئے آنیوالے کی پالیسی کی بجائے صرف آزادی صحافت کی پالیسی میں ہی بقا ہے۔