معرکہ حق :بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا :اسحاق ڈار

 معرکہ حق :بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا :اسحاق ڈار

پانی کو بطور ہتھیار استعمال کیا گیا ، ہمارے شاہینوں نے بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا

 اسلام آباد (دنیا نیوز) نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ معرکہ حق میں پاکستان نے بھارتی جارحیت کا بھرپور دفاع کیا، بھارت نے پانی کو بطور ہتھیار استعمال کیا ۔ اسلام آباد  میں سفرا اور ڈپلومیٹک کور سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں معرکہ حق کی پہلی سالگرہ منائی جا رہی ہے پاکستان نے اپنی سرزمین کا دفاع بھرپور انداز میں کیا، ملکی امن اور استحکام کے لیے پاک فوج نے دلیری سے جوابی کارروائی کی، بھارت نے پاکستان کے خلاف جارحیت کی ، بھارت نے پہلگام حملے کا الزام بغیر ثبوت پاکستان پر لگایا، بھارت کے الزام تراشی کے اقدامات سیاسی اہداف پرمبنی تھے ،فیلڈ مارشل سید عاصم منیرکی قیادت میں مسلح افواج نے ملک کا بھرپور دفاع کیا، پاکستان نے بھارت کے لڑاکا طیارے مار گرائے ، ایئرچیف مارشل کی قیادت میں شاہینوں نے بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اپنی سرزمین کے ایک ایک انچ کا دفاع کیا، نائب وزیراعظم نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیرمیں جدوجہد کو دبا نہیں سکتا، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خودارادیت دیا جائے ، تنازع کشمیر کے حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدارامن ممکن نہیں۔اسحاق ڈار نے کہا کہ سلامتی کونسل کی صدارت کے دوران سفارت کاری کے ذریعے مسائل کے حل پر مباحثہ کیا گیا، پاکستان ای سی او اور شنگھائی تعاون تنظیم کے فورمز پر بھی روابط کے فروغ اور شراکت داری کا خواہاں ہے ۔ پاکستان اقوام متحدہ کے زیراہتمام امن فورس میں اہم کردار ادا کر رہا ہے ، پاکستان مشرق وسطیٰ میں کشیدہ صورتحال کے خاتمے کا خواہاں ہے ہم فلسطین کے 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر مبنی دو ریاستی حل کا خواہاں ہیں ۔نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 47 سال بعد ایران امریکا کے درمیان اسلام آباد میں مذاکرات ہوئے ،بطور ثالث پاکستان عالمی برادری سے رابطے میں ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں